ارشد شریف کا قتل، اس مرحلے پر کمشن بنانے کا فائدہ نہیں ہوگا: جسٹس اطہر
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ارشد شریف قتل کی تحقیقات کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمشن کی تشکیل کیلئے دائر درخواست میں انکوائری کے معاملہ پر صحافتی تنظیموں کو بھی آن بورڈ رکھنے کی ہدایت کر دی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ ارشد شریف کی فیملی کے پاس کوئی گیا ہے؟۔ انہیں کوئی معاونت چاہئے؟، جس پر بیرسٹرشعیب رزاق نے کہا کہ ہماری استدعا ہے کہ قتل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمشن بنایا جائے، چیف جسٹس نے کہاکہ دو مختلف ملکوں کا معاملہ ہے، ریاست کے ادارے بہتر طور پر اس معاملے کو حل کرسکتے ہیں۔ آج صرف اسی کیس کی سماعت کے لیے آیا ہوں، ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہاکہ یہ ایک افسوسناک واقعہ ہوا ہے، کینیا کی حکومت کی جانب سے رپورٹ آ جائے، اگر انہیں اس پر کوئی اعتراض ہوا تو اس کیس کو مزید سن لیا جائے، عدالت نے کہاکہ انکوائری کے معاملے پر صحافتی تنظیموں کو آن بورڈ رکھا جائے، اس مرحلے پر کمشن بنانے کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ عدالت نے سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔