کوئی صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات نہیں چاہتی، پنجاب میں تیسری مرتبہ حلقہ بندی مزاق نہیں : چیف الیکشن کمشنر
اسلام آباد (این این آئی) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا ہے کہ کوئی حکومت بلدیاتی انتخابات کرانا نہیں چاہتی، پنجاب حکومت ہمیں درکار دستاویزات فراہم کرے۔ الیکشن کمشن پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری الیکشن کمشن نے بتایا کہ پنجاب میں دو بار حلقہ بندیاں کر چکے ہیں، اب تیسری مرتبہ حلقہ بندی کرنی ہو گی۔ رولز کی کاپی درکار ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے سماعت کے دوران بتایا کہ جلد ہم ڈی مارکیشن کر لیں گے،25 ہزار آبادی پر حلقہ بن جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پنجاب حکومت ہمیں درکار دستاویزات فراہم کرے، پنجاب میں تیسری مرتبہ بلدیاتی حلقہ بندی مذاق نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر الیکشن کمشن پرانے قانون پر بلدیاتی انتخابات کرا سکتا ہوا تو آج ہی پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے قانون پر بلدیاتی انتخابات کرانے ہیں تو چیف سیکرٹری صاحب ہمیں یقین دہانی کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی حکومت بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتی۔ سیکرٹری الیکشن کمشن آپ سپریم کورٹ کو دوبارہ خط لکھیں، اب الیکشن کمشن چیف سیکرٹری کو ہدایت کرے گا اور آرڈر پاس کریں گے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ صوبائی اسمبلی نے نیا بل منظور کر لیا ہے، وہ 10 دن میں قانون بن جائے گا۔ نئے قانون کے مطابق چلیں، ہم ٹائم لائن کو فالو کریں گے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ کو لگتا ہے کہ الیکشن ای وی ایم پر ہو سکتا ہے، آپ جان بوجھ کر ای وی ایم ڈال رہے ہیں کہ مسئلہ بنے، یہ جان بوجھ کر سٹنٹ ہے، آپ کو اپنی سیاسی قیادت کو گائیڈ کرنا چاہیے۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ہم آرڈر پاس کریں گے۔