ڈالر 1.90روپے سستا، سونا 700روپے تولہ مہنگا، سٹاک مارکیٹ میں اربوں ڈوب گئے
کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستانی روپیہ نے ڈالر کو جھٹکا لگا دیا، گزشتہ روز انٹر بنک میں ڈالر68پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں1.90روپے سستا ہو گیا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق انٹر بنک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت220.41 روپے سے گھٹ کر 219.73 روپے ہو گئی۔ اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالرکی قیمت فروخت224.90 روپے سے کم ہو کر 223روپے پر آ گئی ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یوروکی قدرمیں1روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے یوروکی قیمت فروخت220.90 روپے سے گھٹ کر219.90روپے ہو گئی جبکہ1.30روپے کی کمی سے برطانوی پونڈ کی قیمت فروخت253.80 روپے سے کم ہو کر 252.50 روپے پر آ گئی۔ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان رہا ۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق منگل کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونا 700روپے جبکہ دس گرام سونا601روپے مہنگا ہو گیا جس کے بعد ایک تولہ سونے کی قیمت 1 لاکھ 48 ہزار 400 روپے ہو گئی۔ سٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس 157.21 پوائنٹس کم ہو گیا۔ سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے۔ کاروبار میں 0.37 فیصد تنزلی دیکھی گئی۔