• news

عمران ‘پرویز خٹک کی بریت کیخلاف اپیلوں میں سٹیٹ کونسل کی استدعا پر سماعت ملتوی


 اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل ڈویڑن بنچ نیسابق وزیر اعظم عمران خان اورسابق وفاقی وزیر پرویز خٹک کی پارلیمنٹ حملہ کیس میں بریت کے خلاف وفاق کی اپیلوں میں سٹیٹ کونسل کی استدعا پر سماعت ملتوی کردی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران سٹیٹ کونسل نے کہاکہ مجھے فائل ہی کل ملی ہے، تیاری کے لیے مہلت دی جائے،جسٹس محسن اختر کیانی نے کہاکہ یہ اپیلیں تو مقررہ وقت گزرنے کے بعد دائر کی گئیں،حکومت تبدیل ہوئی تو آپ نے بریت کے خلاف اپیلیں دائر کر دیں، ایڈووکیٹ جنرل کو نہیں پتہ کہ دو سال بعد اپیل دائر کر دی ہے،سرکاری وکیل نے کہاکہ جو پراسیکیوٹر تھے انہوں نے فیصلے سے بروقت آگاہ نہیں کیا تھا،جسٹس محسن اخترکیانی نے کہاکہ کیا اپیل تاخیر سے دائر کرنے کے لیے یہ جواز کافی ہے؟،عدالت نیسٹیٹ کونسل کی استدعا پر سماعت9 جنوری تک کیلئے ملتوی کردی۔یاد رہے کہ حکومت مخالف دھرنوں کے دوران تھانہ سیکرٹریٹ میں 31 اگست 2014 کو تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا،انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عمران خان اور دیگر کی پارلیمنٹ حملہ کیس میں بریت درخواستیں منظور کی تھیں جس پر وفاق نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے ذریعے بریت کے خلاف درخواستیں دائر کررکھی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن