الیکشن کمشن نے عمران خان کو سند یافتہ چور ثابت کر دیا: فضل الرحمن
لورالائی (این این آئی) پی ڈی ایم کے سربراہ و جے یو آئی کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائشگاہ اسلام آباد میں جے یو آئی کے رہنماء سابق صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور سردار حفیظ لونی کی قیادت میں لورالائی اور دکی کے وفد نے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ عمران کے خلاف الیکشن کمشن نے توشہ خانہ کیس میں انہیں نااہل قرار دے کر ان کو سند یافتہ چور ثابت کردیا، ہم پر الزامات لگانے والے کو آج پوری دنیا اور ملک کے سامنے خود ایکسپوز ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے لانگ مارچ اور دھونس دھکمیوں کے سامنے پہاڑ بن کر کھڑے ہیں۔ ان کے اسلام آباد کو فتح کرنے کے ارادے کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ ریاست آج مضبوط ہاتھوں میں ہے، اگر انہوں نے اسلام آباد میں قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوئی کوشش کی تو وازرت داخلہ نے پوری تیاری کر لی ہے۔ عمران خان نہتے عوام اور ہمارے فورسز کو لڑانے کے چکر میں ہیں، وہ محض کرسی تک پہنچنے کیلئے ملکی نظام کو دائو پر لگانا چا ہتے ہیں‘ ریاست اپنی رٹ ہر صورت برقرار رکھی گی۔ انتخابی اصلاحات مردم شماری اور اس کے بعد نئی حلقہ بندیاں کراکر ہی عام الیکشن ممکن ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی غلام بنا دیا تھا ہم نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچا لیا، جے یو آئی اگلے الیکشن میں بلوچستان کے پی کے سمیت پورے ملک میں کلین سویپ کرے گی۔ انہوں نے معتبر صحافی ارشد شریف کے کینیا میں پولیس کے گولی سے شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کے خاندان سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اس دلخراش واقعہ کی تحقیق کرینگے اور اصل صورتحال جلد قوم کے سامنے لائیں گے۔