عمران کو جاری شوکاز نوٹس معطل کرنے کا عبوری حکم الیکشن کمشن نے سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا
اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) توہین کمیشن کی کارروائی کے سلسلے میں عمران خان کو جاری کیا گیا شوکاز نوٹس معطل کرنے کا عبوری حکم الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔تفصیلا ت کے مطا بق الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توہین کمیشن پر شوکاز نوٹس معطل کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے جس نے قانون کے مطابق عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کو نوٹس جاری کیے، تینوں افراد کی جانب سے تسلی بخش جواب نہ ملنے پر شوکاز نوٹس جاری کیے گئے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ کا سیکشن 10 آرٹیکل 175 اور 204 سے متصادم نہیں، لاہور ہائیکورٹ کے عبوری حکم سے الیکشن کمیشن کا اختیار کم کرنے کی کوشش کی گئی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کا 21 ستمبر کا عبوری حکم کالعدم قرار دیا جائے۔