• news

اگلی نسل کو قرض کے بوجھ تلے چھوڑکر نہیں جائوں گا، پہلا ایجنڈا معاشی بحران کا خاتمہ:رشی سونگ


لندن (عارف چودھری+ نوائے وقت رپورٹ) برطانیہ کے نو منتخب وزیراعظم رشی سونک نے ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بنانے کی دعوت قبول کر لی ہے۔ ملک کو معاشی بحران کا سامنا ہے۔ لزٹرس کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں، مضبوط نیشنل ہیلتھ سروس کے منشور پر پورا اتریں گے، نئی نسل کو قرضوں کے بوجھ تلے نہیں چھوڑیں گے۔ ملک کو مختلف اقدامات کر کے متحد کرونگا۔ اس حکومت میں دیانتداری ہوگی، عوام کا اعتماد جیتوں گا۔ عوام کی ضروریات کو سیاست سے بالاتر رکھیں گے، مل کر ایسا مستقبل حاصل کر سکتے ہیں جس کیلئے ہم نے قربانیاں دیں۔ برطانیہ کے بادشاہ شاہ چارلس سوم نے رشی سونک کو ملک کا نیا وزیراعظم مقرر کر دیا۔ بکنگھم پیلس کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ شاہ چارلس سوم نے رشی سونک کو برطانیہ کا نیا وزیراعظم مقرر کر دیا ہے۔ وزیراعظم مقرر کئے جانے کے بعد ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ پر اپنے پہلے خطاب میں رشی سونک نے سابقہ وزیراعظم لزٹرس کو خراج تحسین پیش کیا۔ نو منتخب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لزٹرس نے تبدیلی کیلئے انتھک محنت کی لیکن ان سے کچھ غلطیاں ہوئیں، رشی سونک نے کہا کہ وہ بورس جانسن کے بطور وزیراعظم لئے گئے زبردست اقدامات پر ہمیشہ ان کے شکر گزار رہیں گے، اب ان کی حکومت ہر سطح پر دیانتداری، پروفیشنلزم اور احتساب نظر آئے گا۔ دریں اثناء رشی سونک نے کابینہ ارکان کے ناموں کا اعلان کر دیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سوئیلا بھریومین کو وزارت داخلہ کا قلمدان مل گیا۔ گرانٹ شیپس وزیر تجارت، بین ویلیس وزیر دفاع، جیمز کلیوری وزیر خارجہ کے عہدوں پر برقرار ہیں۔ ڈومینک راب کو ڈپٹی وزیراعظم کا عہدہ دے دیا گیا۔ ڈومینک راب کے پاس وزیر قانون و انصاف کی اضافی ذمے داری بھی ہوگی۔ جیریمی ہٹ بدستور وزارت خزانہ کی ذمے داری نبھائیں گے۔ سائمن ہارٹ پارٹی کے چیف ویب نامزد کر دیئے گئے۔ ندیم ضحاوی وزیر نامزد کر دیئے گئے تاہم محکمہ نہیں دیا گیا اولیورڈاؤؤڈن کو چانسلر برائے ڈچس آف لنکاشائر کا عہدہ دیا گیا ہے۔ پینی مور ڈانٹ لیڈر آف دی ہاؤس کی پوزیشن پر برقرار ہیں گلیسن کیگسن کو تعلیم کی وزارت دی گئی ہے۔ ندیم ضحاوی کو کنزرویٹو پارٹی کا چیئرمین بنا دیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن