• news

ارشد شریف کا جسد خاکی اسلام آباد پہنچ گیا، صدر عارف تعزیت کیلئے گھر گئے 


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) مقتول صحافی ارشد شریف کا جسد خاکی گزشتہ رات اسلام آباد پہنچ گیا۔ غیر ملکی ائر لائنز کے ذریعے ارشد شریف کا جسد خاکی کینیا سے براستہ دوحہ پاکستان لایا گیا۔ ارشد شریف کی تدفین جمعرات کو اسلام آباد میں کی جائے گی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی مقتول صحافی ارشد شریف کے گھر  گئے، خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی بھی صدر مملکت کے ہمراہ تھی، صدر مملکت کا ارشد شریف کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ صدر مملکت نے ارشد شریف کے خاندان کے ممبران سے  اظہار افسوس اور مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی، صدر مملکت نے ارشد شریف کے قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا،  صدر مملکت  نے کہا کہ آزاد صحافت کیلئے مرحوم ارشد شریف کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، ارشد شریف تحقیق اور حقائق کے ساتھ بلاخوف اپنی رائے کا اظہار کرتے  تھے۔ صدر مملکت نے ارشد شریف کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی، صدر مملکت کا مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین، لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی  کیا، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے، لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ارشد شریف کی میت وصول کرنے کے لیے اْن کے اہل خانہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن