• news

صوبے میںوسائل کی موثر تقسیم کیلئے پبلک فنانس مینجمنٹ سسٹم میں اصلاحات 


لاہور(کامرس رپورٹر )حکومت صوبے میں وسائل کی موثر تقسیم اور بجٹ سازی کے عمل میں شفافیت کیلئے پبلک فنانس مینجمنٹ کے سسٹم میں اصلاحات متعارف کروا رہی ہے۔ فنانس مینجمنٹ سسٹم میں اصلاحات کے نفاذ کیلئے پنجاب پبلک فنانس مینجمنٹ ایکٹ 2022 متعارف کروایا جا رہا ہے جو کابینہ سے منظوری کے بعد حتمی طور پر پنجاب اسمبلی سے منظور کروایا جائے گا۔ ایکٹ کا مقصد بجٹ سازی کیلئے وضع کردہ رہنما اصولوں کو قانونی حیثیت دلوانا ہے۔ محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے پبلک فنانس مینجمنٹ ایکٹ 2022کا مسودہ تیار کیا جا چکا ہے جو محکمہ قانون کے تحفظات کی دوری کے بعد کابینہ کمیٹی میں پیش کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر خزانہ پنجاب سردار محسن خان لغاری نے محکمہ خزانہ کے زیر اہتمام پنجاب میں پبلک فنانس مینجمنٹ ریفارمز سٹریٹجی کے جائزہ اجلاس میں صدارت کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر نے اجلاس کو بتایا کہ پبلک فنانس مینجمنٹ ایکٹ کے تحت بجٹ سازی کے عمل کے دوران فنڈز کی تخصیص محاصلات یعنی آؤٹ پٹ کی بنیاد پر کی جائے گی۔ بجٹ میں فنڈز کی تخصیص کے ساتھ ان کے اہداف اور ان کے حصول کا دورانیہ بھی متعین کیا جائے گا جو محکموں کی کارکردگی میں بہتری کو یقینی بنائے گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن