• news

شاد باغ: دیرینہ رنجش‘ برقعہ پوش کی اندھا دھند فائرنگ‘ نوجوان قتل‘ دوست زخمی


لاہور (نامہ نگار)شاد باغ میں پرانی رنجش پر برقعہ پوش حملہ آور کی فائرنگ سے ایک نوجوان ہلاک دوسرا شدید زخمی ہو گیا ہے۔ مقتول کیبل نیٹ ورک کا مالک علی بٹ اپنے بھائی فیصل بٹ کے قتل کیس کا بھی مدعی تھا۔ بھگت پورہ چوک کے قریب گلی میں بیٹھے3نوجوانوں پر ایک برقعہ پوش نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کی زد میں آکرکیبل نیٹ ورک کا مالک 30سالہ علی بٹ ہلاک جبکہ 22سالہ زین شدید زخمی ہو گیا۔ فائرنگ کی آوار سن کر علی بٹ کے ساتھیوں نے بھی حملہ آور پر فائرنگ کی مگر برقعہ پوش ملزم دوڑ کر کچھ فاصلے پر کھڑے اپنے موٹر سائیکل سوار ساتھی کے ساتھ بیٹھ کر فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول علی بٹ کا بھائی فیصل بٹ تین ماہ قبل قتل ہوا تھا۔ مقتول کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ علی بٹ کو شوٹر عمران پستول، شعبان، وہاب اور سلامت نے قتل کیا ہے۔ ملزمان بھتہ مانگتے تھے اور بھتہ دینے سے انکار پر پہلے انہوں نے فیصل بٹ اور اب کیس کی پیروی کرنے پر ملزم وہاب برقعہ پہن کر آیا اور علی بٹ کو قتل کیا۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے۔
قتل

ای پیپر-دی نیشن