یوریا‘ ڈی اے پی اور گندم ذخائر کی قلت نہیں: سیکرٹری فوڈ سکیورٹی
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) این ایف آر سی سی کا اجلاس احسن اقبال، نیشنل کوآرڈینیٹر این ایف آر سی سی لیفٹیننٹ جنرل محمد ظفر اقبال اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کی مشترکہ صدارت میں ہوا۔ این ایف آر سی سی کو بتایا گیا کہ ملک میں ربیع کی فصل کے لیے یوریا/ڈی اے پی وافر مقدار میں موجود ہے جبکہ گندم کے ذخائر بھی ملکی ضروریات کے لیے کافی ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین این ایف آر سی سی احسن اقبال نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومتیں یوریا/ڈی اے پی ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ سیکرٹری وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ نے اجلاس کو بتایا کہ ملک میں گندم کی کوئی کمی نہیں ہے اور موجودہ ذخیرہ ملکی ضروریات کے لیے کافی ہے۔ اس وقت قومی سطح پر 6,215,327 میٹرک ٹن گندم کے ذخائر میں سے پنجاب کے پاس 3,067,435 میٹرک ٹن، سندھ میں 865,584 میٹرک ٹن، خیبر پختونخوا میں 96,282 میٹرک ٹن، بلوچستان میں 49,630 میٹرک ٹن اور پاسکو کے پاس 23630 میٹرک ٹن گندم موجود ہے۔ گندم کی امدادی قیمت کا تعین بیج، کھاد سمیت پیداواری لاگت کو دیکھ کر کیا جاتا ہے تاکہ کاشتکاروں کو مناسب منافع مل سکے کھاد کی قلت نہیں۔
کھاد، ذخائر، احسن اقبال