• news

حکومت ادھار پر چل رہی ہے، احسن اقبال کا اعتراف 


 اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ سابق حکومت نے چین کو مہنگے منصوبوں کا الزام لگا کر ناراض کر دیا۔ اب ہم چین کا اعتماد بحال کر رہے ہیں۔ سی پیک پر پاک چین مشترکہ جے سی سی اجلاس کی تیاریاں جاری ہیں۔ پاکستان کی ساری حکومت ادھار پر چل رہی ہے۔ آئند ہ پانچ سال میں ملکی برآمدات 30 ارب سے بڑھا کر 100 ارب ڈالر تک لے جانے کی ضرورت ہے، گزشتہ چار سال کے دوران معاملات ایڈہاک ازم پر چلائے گئے۔ ملک کی ترقی کی سالانہ ضروریات 1900 ارب روپے ہیں، موجودہ مالی سال ترقیاتی منصوبوں کیلئے صرف 700 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ترقی و منصوبہ بندی کے اجلاس میں کیا۔ اجلاس چیئرمین کمیٹی خالد مگسی کی زیر صدارت ہوا۔ احسن اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور میں چینی کمپنیوں کیلئے ویزوں پر مسائل پیدا ہوئے، ایسے ماحول میں کون کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد این ایف سی کے تحت محاصل کا 58فیصد صوبوں کو چلا جاتا ہے، پائیدار بنیادوں پر اقتصادی ترقی کی پالیسیوں کا تسلسل اور سیاسی استحکام ضروری ہے۔
احسن اقبال

ای پیپر-دی نیشن