فیصل آباد میں نئی تحصیلوں کے قیام پر غور ، عمران کیساتھ پوری قوت سے کھڑے ہیں :پرویز الہیٰ
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت فیصل آباد ڈویژن کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ ارکان اسمبلی نے مختصر مدت میں پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مثالی اقدامات پر وزیراعلی چودھری پرویز الٰہی کے ویژن کو سراہا۔ اجلاس میں اراکین اسمبلی کی تجاویز پر فیصل آباد ڈویژن میں نئی تحصیلوں کے قیام پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پاکستان کی سیاست کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔ عمران خان کے ساتھ پوری قوت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مختصر مدت میں صوبے کے عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے مثالی کام کئے ہیں۔ وزیراعلی چودھری پرویز الٰہی نے کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی اور واسا فیصل آباد کو کارکردگی بہتر بنانے اور عوامی شکایات کے فی الفور ازالے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد اور دیگر شہروں میں صفائی کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن کے زیر تکمیل منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کے لئے فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ حسیب شہید ہسپتال اور جنرل ہسپتال سمن آباد سمیت ہیلتھ کے دیگر منصوبے جلد مکمل کئے جائیں گے۔ رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے پراجیکٹ ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں گے۔ فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور چلڈرن ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی پوری کی جائیگی۔ واٹر فلٹریشن پلانٹ کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔ گرلز کالج کے قیام کا کوئی منصوبہ مسترد نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے مغوی بچی کو جلد باز یاب کرنے پر فیصل آباد کے آر پی او، سی پی او اور تفتیشی ٹیم کے لئے تعریفی اسناد دینے کی ہدایت کی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال، ارکان اسمبلی و پی ٹی آئی عہدیداران ریاض فتیانہ، غلام محمد لالی، رضا نصراللہ، خرم شہزاد، فیض اللہ کموکا، محبوب سلطان، امیر سلطان، غلام بی بی بھروانہ، فرخ حبیب، تیمور لالی، سلیم بی بی، علی افضل ساہی، علی اختر، چوہدری ظہیر الدین، عادل پرویز، حافظ ممتاز احمد، رانا عمر فاروق، خیال احمد کاسترو، شکیل شاہد، وارث عزیز، لطیف نذر، سعید احمد سعیدی، آشفہ ریاض فتیانہ، سونیا علی رضا، تیمور بھٹی، اعظم چیلہ، مہر نواز بھروانہ، غضنفر عباس شاہ، آصف کاٹھیا اور شہباز خان نے اجلاس میں شرکت کی۔ انتظامی سیکرٹریز، کمشنر، ڈپٹی کمشنرز، آرپی اوز اوردیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام کو ریلیف اور زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کیلئے کوشاں ہیں۔ پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا فلیگ شپ پروگرام ہے اور اس پروگرام کے ذریعے 80 لاکھ مستحق خاندانوں کو 40فیصد سستی اشیاء صرف فراہم کی جارہی ہیں۔ مستحق خاندان رجسٹرڈ کریانہ سٹورز سے 40 فیصد کم نرخ پر دالیں، گھی، آئل اور آٹا خرید سکتے ہیں اور اس کے ساتھ رجسٹرڈ کریانہ سٹورز کے مالکان کو 10 فیصد کمیشن بھی دیا جا رہا ہے۔ یہ فلاحی ریاست کی جانب ایک بہت بڑا قدم ہے۔ سیلاب سے متاثرہ تین اضلاع میں بھی متاثرین کو اس پروگرام میں رجسٹرڈ کرایا گیا ہے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں تحریک انصاف کے وفد نے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر راجہ محمد بشارت بھی موجود تھے۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کوٹ لکھپت میں شادی سے انکار پر کزن کو زندہ جلانے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔