لانگ مارچ نئی تاریخ رقم کرے گا،وزیر داخلہ تیار ہوجاﺅ:عمران پرویز الہیٰ کی ملاقات
سیالکوٹ(زاہد علی خان+ نمائندہ خصوصی) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ زندہ معاشرہ ظلم و ناانصافی کے سامنے کھڑا ہوتا ہے خوف کے بت کی پوجا نہیں کرتا اورخوف کی وجہ سے ظالم سے مقابلہ کرنے سے ڈرتا نہیں ہے۔ جب حضرت امام حسین ؓ کی شہادت ہوئی توکوفا کے سب لوگ جانتے تھے کہ حضرت امام حسین راہ ؓ حق پر ہیں لیکن انہوں نے یزید کے خوف کی وجہ سے حضرت امام حسینؓ کی مدد نہیں کی اور وہ ہمیشہ کیلئے پچھتائے۔ ہم پر امریکہ نے جو چور مسلط کئے ہوئے ہیںمیں جب تک زندہ ہوں ان کا مقابلہ کروں گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں انوار کلب میں وکلاءکنونشن،مرے کالج میں طلباءاور وی آئی پی میںورکروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان موقعوں پر سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، عثمان ڈار،حماد اظہر ، میاں اسلم اقبال ،عمر فاروق ڈار،صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری عاصم اقبال دیو ،جنرل سیکرٹری چوہدری منیب حسین وڑائچ، جوائنٹ سیکرٹری ملک لقمان شفیق اعوان، ممبر پنجاب بار کونسل شمشاد احمد باجوہ، ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری احسن سلیم بریار، ضلعی صدر انصاف لائرز فورم مجسم زرخیز انور خان، جنرل سیکرٹری چوہدری وسیم بشیر پسوال، میاں شکیل احمد، حسن سرفراز بھلی، سید علی نجم گیلانی، سید ارتضیٰ حسن بخاری، چوہدری طاہر سلطان، زاہد سلیم باجوہ، حسن علی ،امان اللہ بھٹی،عامر ڈار،اراکین صوبائی اسمبلی چوہدری احسن سلیم بریار، چوہدری محمد اخلاق، بیرسٹر ملک جمشید غیاث، میاں اعجاز جاوید، صاجنرادہ حامد رضا، مہر کاشف، عمر دا¶د، فضل جیلانی، میاں شان علی قمر اورپی ٹی آئی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔عمران خان نے کہا کہ انصاف قائم کرنے میں وکلاءپر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ وہ جو کہتے ہیں کہ خوشحالی آجائے گی، لاہور کو پیرس بنا دوں گا، پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنا دونگا ، کیوں نہیں بنا، بن ہی نہیں سکتا کیونکہ جس ملک میں انصاف نہیں ہوتاوہاں خوشحالی نہیں آسکتی۔ جانوروں میں انصاف نہیں ہوتا جبکہ اصل انسانی معاشرے میں انصاف ہوتا ہے۔ اللہ کا حکم ہے کہ انصاف قائم کرو کیونکہ انصاف قائم کرنے میں ہماری ہی بہتری ہے ۔ مدینہ کی ریاست میں سب سے پہلے انصاف کی بنیاد رکھی گئی تھی ۔آج ہماراملک دو راہے پر کھڑا ہے، ایک طرف تباہی ہے ارشد شریف ایک نڈر اور ایک سچا صحافی تھا جس کی جان کو خطرہ تھا ۔ عمران خان نے کہا کہ انہوں نے پہلے چوروں کو اوپر بیٹھایا ، ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا جس کی وجہ سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ منفی میں چلی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ 75سالہ سینٹر اعظم سواتی کو ٹویٹ کرنے پراور شہباز گل کو ننگا کرکے ظلم کیا گیا۔ اب سے بڑا المیہ ہے کہ تھوڑے سے لوگ ڈرا دھمکا کر لوگوں پر ہر قسم کا ظلم کرتے ہیں۔ میں مارچ نہیں انقلاب کیلئے نکل رہا ہوں کیونکہ میں چوروں کو کبھی قبول نہیں کروں گا۔ملک میں جب انصاف قائم ہو گیا تو ملک میں خوشحالی آ جائے گی۔ عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو عظیم قوم بننے کے لیے تعلیم پر توجہ دینا ہو گی ۔ہماری یوتھ باشعور اور پڑھی لکھی ہے ۔ ہم نے عظیم قوم بن کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں کلیدی کردارادا کرنا ہے ۔سیالکوٹ میں مزید یونیورسٹیوں کا قیام ضروری ہے اور ہم آئندہ سیالکوٹ میں مزید یونیورسٹیاں بنائیں گے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ملک کا سب سے بڑا چور ہمارا وزیر اعظم ہے ۔ انہوں نے طلباءکو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میرے سامنے اس وقت ملک کے لیڈر بیٹھے ہیں۔ میری باتیں غور سے سنتے ہیں کیونکہ پتا نہیں پھر یہ موقع ملے گا کہ نہیں، جانوروں کے معاشرے میں انصاف نہیں ہوتا انسانوں کا معاشرہ ہوتا ہی وہ ہے جہاں انصاف ہو۔ طاقتور اپنے آپ کو قانون کے اوپر سمجھتا ہے۔ چھوٹے ڈاکو جیلوں میں جاتے ہیں بڑے ڈاکو اپنے آپ کو قانون سے اوپر سمجھتے ہیں۔جو قوم چھوٹے ڈاکوو¿ں کوپکڑ ے اوربڑے ڈاکوں کو پکڑ نہیں سکتی وہ برباد ہو جاتی ہے ۔ عمران خان نے انوار کلب سیالکوٹ میں وکلاءکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آج بچوں کے مستقبل کی بات کر رہا ہوں۔میں برطانیہ میں سخت گرمی میں کرکٹ کھیلتا تھا۔ہمارا نظام یورپ اور امریکہ ،برطانیہ کے کامیاب نظام کو بہت قریب سے دیکھا ہے۔جس معاشرے میں انصاف نہیں ہوتا وہ کامیاب نہیں ہوتا،اللہ کا وعدہ ہے میری زمین پر انصاف قائم کرو،انسانی معاشرے اور جانوروں میں بڑافرق ہے جانوروں میں انصاف نہیں ہوتا،نبی پاک نے اسلامی ریاست کی بنیاد رکھی وہ انصاف پر رکھی گئی۔جو قومیں تباہ ہوئی وہ انصاف نہ ملنے پر ہوئیں۔وکلاءمیں صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری محمد عاصم اقبال دیو نے سابق وزیراعظم عمران خان کو شوکت خانم ہسپتال کےلئے 50لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ صدر بار چوہدری محمد عاصم اقبال دیو نے عمران خان کو وکلاءکنونشن میں آنے پر خوش آمدید کہا جبکہ ضلعی صدر انصاف لائر ز فورم مجسم زرخیز انور خان ، چوہدری طاہر سلطان اور میاں شکیل احمد نے عمران خان کی نااہلی کےخلاف قرار داد پیش کی جسے وکلاءکی بھرپور تعداد نے متفقہ طور پر منظور کیا۔ تحریک انصاف عمران خان ننے ورکرز کنوشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقابلہ ان چوروں کو شکست دینا اور ملک کو حقیقی آزادی دلوانا ہے ۔لاکھوں لوگ ملک کی آزادی کے لئے قربان ہوئے۔اگر یہ چوروں کا ٹولہ اوپر بیٹھا رہا تو ساری قربانیاں ضائع جائیں گی۔انہوں نے جمعہ کو لاہور سے لانگ مارچ کی قیادت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں لاہور سے جمعہ کو نکل رہا ہوں۔کوشش کریں گے کہ سیالکوٹ سے ہوتے ہوئے اسلام آباد جائیں۔جب تک قوم کو الیکشن کے ذریعے حق نہیں ملتا تب تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ہم غلام نہیں ہیں،ہم صرف اللہ اور اس کے رسول کے غلام ہیں۔ارشد شریف کو شہید کر کے قوم کو ڈرانے کی کوشش کی گئی۔ہم پہلے سے بھی زیادہ پر عزم ہو گئے۔اعظم سواتی کے بچوں کے سامنے اس پر تشدد کیا گیا۔اسلام آباد میں ایک ڈرٹی ہیری آیا ہوا ہے۔وہ جب سے آیا ہے میڈیا کو ڈرا رہا ہے۔وہ جب کسی پر تشدد کرتا ہے ننگا کر کے کرتا ہے۔ عمران خان اوروزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے 90شاہراہ قائد اعظم پر ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور پنجاب کے انتظامی معاملات پر بات چیت ہوئی اورلانگ مارچ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ملاقات میں پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام اورصوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے پروگرامز پر بھی گفتگو ہوئی۔عمران خان اورپرویزالٰہی نے ارشد شریف کی شہادت کے واقعہ کی غیر جانبدارانہ اور شفاف جوڈیشل تحقیقات کامطالبہ کیا اور کہاکہ حکومت پاکستان کو ارشد شریف کی شہادت کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہیے۔ارشد شریف کی والدہ،بیوہ اور دیگر اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔لانگ مارچ نئی تاریخ رقم کرے گا۔چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ پاکستان کے عوام عمران خان کیساتھ ہیں۔لانگ مارچ امپورٹڈ حکومت کو بہالے جائے گا۔مارچ شروع ہونے سے قبل ہی وفاقی حکومت کی چولیں ہل گئی ہیں۔عمران خان پاکستان کے عوام کے لئے امید کی کرن ہیں۔لانگ مارچ کو پورا سپورٹ کریں گے۔ عمران خان کے دورہ سیالکوٹ پر چیئرمین ڈویلپمنٹ اتھارٹی ضلع سیالکوٹ و رہنما پاکستان تحریک انصاف چودھری آصف علی باجوہ نے ایک کروڑ روپے کے پارٹی فنڈ کا چیک پیش کیا۔ اس موقع پر ندیم باجوہ تحریک انصاف کے مرکزی قائدین بھی موجود تھے۔
عمران خان