• news

پرامن احتجاج، لانگ مارچ ہر جماعت کا حق ہے: لیاقت بلوچ 


لاہور (خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے عمران خان کے لانگ مارچ کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج، لانگ مارچ، دھرنا ہر سیاسی، جمہوری اور سماجی پارٹی کا آئینی جمہوری حق ہے۔ اتحادی حکومت کی ناکامی، نااہلی، عوام دشمنی خود اس کے لیے بڑا بوجھ ہے۔ عمران خان کا لانگ مارچ پنجاب اور کے پی کے حکومت کی بیساکھیوں پر ہوگا۔ دو صوبائی حکومتیں وفاق پر یلغار کریں گی۔ عمران اور اْن کی ہر سطح کی قیادت کے آگ اْگلتے بیانات حالات کو پرامن نہیں رہنے دیں گے۔ تصادم کی صورت میں نقصان جمہوریت او رفائدہ آمریت کو ہوگا۔جماعت ملک میں پائیدار جمہوریت، بااختیار بلدیاتی نظام، آئین و قانون کی بالادستی اور شفاف غیرجانبدارانہ انتخابات پر یقین رکھتی ہے۔ اقتصادی، سیاسی، تہذیبی اخلاقی او رسماجی بحرانون کا علاج سیاسی مذاکرات ہیں۔ پاکستان کی تاریخ گواہ ہے کہ سخت ترین حالات میں بھی مذاکرات ہوئے لیکن مذاکرات کے نتائج پر عمل نہ کرکے فوجی آمریت کا راستہ ہموار ہوا۔ قومی قیادت ہوش کے ناخن لے اور اسٹیٹس مین شپ کا مظاہرہ کرے۔

ای پیپر-دی نیشن