• news

سیلاب امدادی پیکج میں اضافہ، پاکستان کو بیف مارکیٹ تک رسائی زیر غور: امریکی سفیر 



اسلام آباد (نا مہ نگار) وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ اور تحقیق طارق بشیر چیمہ سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ حالیہ سیلاب اور بارشوں کے باعث پاکستان کو چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح زیادہ سے زیادہ زرعی اراضی کو بازیاب کرنا اور بے گھر ہونے والے لوگوں کو ان کے گھروں میں دوبارہ آباد ہونے میں مدد کرنا ہے۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکہ کی عوام پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت پاکستان کے لیے سیلاب امدادی پیکج میں اضافہ کر رہی ہے۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امداد کے علاوہ وہ دونوں ممالک کے درمیان زرعی تجارت کو وسعت دینے اور مضبوط تعلقات استوار کرنے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو امریکی بیف مارکیٹ تک رسائی کی اجازت دینے پر غور کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان میں کپاس کے بیجوں کی اعلی پیداوار والی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا منتظر ہے۔ وفاقی وزیر نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ سیلاب میں کپاس اور کھجور کی فصل سب سے زیادہ متاثر ہوئی تھی۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔
امریکی سفیر

ای پیپر-دی نیشن