مفادات کی سیاست سے معیشت اور معاشرت زوال کا شکار: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ یوتھ لیڈرشپ کنونشن فرسودہ نظام کے خلاف حتمی جدوجہد کے آغاز کا اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ حکمران سن لیں کہ ملک کا ہر باشعور پڑھا لکھا نوجوان ان سے بیزار ہے۔ حکمرانوں نے اپنی نسلوں کا مستقبل محفوظ جب کہ ملک کے عام پڑھے نوجوانوں کا تاریک بنایا۔ ملک اور بیرون ملک اربوں کے اثاثے بنانے والے عوام کو مزید دھوکا نہیں دے سکتے۔ پی ڈی ایم، پی ٹی آئی کی حکومتوں کی پالیسی میں رتی برابر فرق نہیں، دونوں اطراف نے ملک کا حلیہ ہی بگاڑ دیا، ظاہری جنگ صرف اسٹیبلشمنٹ سے سپورٹ حاصل کرنے کے لیے ہے۔ ملک میں ہر شعبہ زوال کا شکار اور افراتفری کا عالم ہے۔ امن و امان کی صور تحال دگرگوں، مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ کشتی بھنور میں ہچکولے کھا رہی ہے۔ 30 اکتوبر کے یوتھ لیڈرشپ کنونشن میں آئندہ کا لائحہ عمل دوں گا۔ اتوارکو ملک بھر سے نوجوان مینار پاکستان کے سائے تلے اکٹھے ہو کر قوم کو امید سحر دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں ’’پاکستان زندہ باد یوتھ لیڈر شپ کنونشن‘‘ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر عملاً زیرو ہو چکے ہیں۔ حکمران جماعتوں کی ذاتی مفادات پر مبنی سیاست سے سوسائٹی بدترین پولرائزیشن کا شکار، معیشت اور معاشرت زوال کا شکار ہے۔ پی ٹی آئی ایک کروڑ نوکریوں کے وعدے کرتی رہی، اس کے چار سالہ اقتدار میں بے روزگاری کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے۔ پی ڈی ایم نے گزشتہ سات ماہ کے دوران مزید تباہی کی بنیاد یں رکھیں۔ امیرجماعت نے کہا کہ عوام کو فرسودہ اور کرپٹ نظام کے خلاف جدوجہد کرنا ہو گی۔ گھسے پٹے نظام سے عوام کی حالت نہیں بدل سکتی، نظام کو بدلنا ہو گا۔ نوجوان صبح روشن کی نوید بنیں اور ملک کو استعمار کے غلاموں سے نجات دلانے کے لیے اٹھ کھڑے ہوں۔
سراج الحق