عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل میں کردار ادا کرے: صدر
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے 5 اگست 2019 ء کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو فوری طور پر واپس لینے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان، عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مقبوضہ خطے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے بھارت کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے عملی اقدامات کے ساتھ ساتھ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق دیرینہ تنازعہ کے پرامن اور منصفانہ حل میں سہولت فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ 27 اکتوبر 2022 ء کو کشمیر کے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ اس سال 27 اکتوبر کو مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے 75 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ ہم گزشتہ ساڑھے سات دہائیوں سے بھارتی قابض افواج کے جاری مظالم کی مذمت کرتے ہوئے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی قربانیوں کو یاد کرنے کے لیے یوم سیاہ مناتے ہیں۔ اس دن پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی آزادی کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر فوجی محاصرے میں ہے جس میں مقبوضہ خطے کے لوگوں کی بنیادی آزادیوں پر سخت پابندیوں سے مزید شدت آئی ہے۔ 5 اگست 2019ء سے اب تک بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں 690 سے زائد بے گناہ کشمیری ماورائے عدالت قتل ہو چکے ہیں۔ کشمیری بھائی اور بہنیں پاکستان کو ہمیشہ ہر دستیاب عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے آواز اٹھاتے ہوئے پائیں گے۔
صدر علوی