دیامر بھاشا ڈیم اقتصادی ترقی کیلئے اہم منصوبہ ہے: خورشید شاہ
لاہور (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیرآبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ دیا مر بھاشا ڈیم پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لئے بہت اہم منصوبہ ہے۔ اِس منصوبے کی بدولت پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا، زرعی مقاصد کے لئے پانی دستیاب ہوگا۔ سیلاب سے بچاؤ میں مدد ملے گی اور کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی حاصل ہوگی۔ اِن خیالات کا اظہار اْنہوں نے زیر تعمیر دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے دورے کے موقع پر کیا۔ پراجیکٹ حکام کو ہدایت کی کہ اِس اہم منصوبہ کی وقت پر تکمیل کیلئے کوششوں کو مزید تیز کیا جائے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر کو منصوبے پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ اِس وقت دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کی تقریباً 10 سائٹس پر بیک وقت کام جاری ہے۔ دیا مر بھاشا ڈیم کی تکمیل کے لئے 2029 ء کا ہدف مقرر ہے۔ اِس ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت 8.1 ملین ایکڑ فٹ ہوگی، جس سے 1.23 ملین ایکڑ زمین زیر کاشت آئے گی۔ منصوبے کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4 ہزار 500 میگاواٹ ہے اور نیشنل گرڈ کو ہر سال اوسطاً 18 ارب یونٹ سستی اور ماحول دوست پن بجلی فراہم کرے گا۔ اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے 3 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے تھک ہائیڈل پاور سٹیشن کا افتتاح کیا۔ یہ ایک سمال ہائیڈل پاور سٹیشن ہے جسے واپڈا نے دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ پر اعتماد سازی کے اقدامات کے تحت تعمیر کیا ہے۔ اِس منصوبے پر ایک ارب 30 کروڑ 90 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔ اِس موقع پر مقامی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت پراجیکٹ ایریا میں مقامی لوگوں کی ترقی کے لئے پْر عزم ہے۔ اْنہوں نے اِس امر کا اعادہ کیا کہ دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ پر روز گار کی فراہمی میں مقامی لوگوں کو ہمیشہ ترجیح دی جائے گی۔
وزیر آبی وسائل