نیازی قوم کے سامنے ایکسپوز ، تمام لائنیں کراس کر گیا ، علاج ضروری ، وفاقی وزرا
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی +اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ راناثنااللہ نے کہا ہے کہ آج جو چیزیں سامنے آئی ہیں وہ انتہائی اہمیت کی حامل ہیں ہماری قومی سیاست اور موجودہ صورتحال کے حوالے سے عمران نیازی کو مکروہ چہرہ قوم کے سامنے ایکسپوز در ایکسپوز ہو رہا ہے اور آج مزید ایکسپوز ہوا ہے، عمران نیازی قومی ناسور کی صورت اختیار کر چکا ہے اس کا علاج ملک و قوم کی زندگی کے لئے ضروری ہے، آج جو چیزیں سامنے آئی ہیں سائفر کا جھوٹ رچایا اپنی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کو ناکام بنانے کیلئے ایک ملک کے سفارتی سٹیٹس کو تباہ کیا وہ بے نقاب ہوا، گھناؤنے چہرے سے سائفر سے وہ کھیل کھیل رہاتھا اور ملک و قوم کا نہیں سوچا کہ ملک کا کتنا نقصان ہوا ہے انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا وزیر داخلہ راناثنااللہ نے کہا کہ کے پی کے حکومت نے ارشد شریف کی جان کو طالبان سے خطرے کے حوالے سے تھریٹ الرٹ جاری کیا، ارشد شریف شہید کے قتل کے تانے بانے بادی النظر میں عمران خان اور سلمان اقبال کی طرف جاتے ہیں ارشد شریف دوبئی میں ویزہ ختم ہونے کے باوجود قیام کرسکتے تھے، ویزہ ختم ہونے کے بعد بھی کئی مراحل ہوتے ہیں، اسٹیبلشمنٹ نے اپنا کردار غیر سیاسی کرلیا ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ خراج تحسین کے مستحق ہیں کہ انہوں نے ادارے کو اس کے آئندہ سے غیر سیاسی رول پر نیوٹرل رہنے کا فیصلہ کیا،، ہم نے دیکھنا ہے کہ کیا عمران خان پرامن آکر احتجاج کرکے واپس چلے جائیں گے یا وہ جمع ہوکر ماضی کی طرح ریڈ زون پر چڑھائی کرنے دوڑ پڑیں گے۔ اسلام آباد میں آرٹیکل 245 کا نفاذ کرکے فوج کو ریاست کی علامت عمارتوں سپریم کورٹ، پارلیمنٹ، ایوان صدر، پی ایم ہائوس کی سیکنڈ لیئر سیکیورٹی کیلئے تعینات کیا جائے گا فرسٹ لیئر سیکیورٹی ڈیوٹی رینجرز، ایف سی اور اسلام آباد پولیس انجام دیں گے۔عمران خان پرامن لانگ مارچ جسے وہ حقیقی آزادی مارچ کہتے ہیں لانا چاہتے ہیں تو یہ ان کا آئینی حق ہے ورنہ دوسری صورت میں ہماری تیاری مکمل ہے۔ جب تک باجوہ صاحب نے بات مانی تو ان کو جمہوریت کے لئے بہترین قرار دیا اوران کی تعریفیں کرتے رہے ، آڈیو لیکس سے عمران نیازی کا مکروہ چہرہ سامنے آچکا ہے اس کے منفی ایجنڈے سے جمہوریت آگے نہیں بڑھ سکتی۔ عمران نیازی کو ہر مارچ کے لئے لاشیں درکار ہوتی ہیں، وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہماری حفاظت کے لیے خون دینے والے محسنوں کا مذاق اڑانے کی اجازت نہیں ہے۔ عمران خان نے افواج پاکستان کو نشانہ بنایا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے نہ صرف پاکستان کے اداروں کو ٹارگٹ کر رکھا بلکہ اپوزیشن کو بھی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جب اقتدار میں تھے اس وقت اس نے بہت قصیدے پڑھے ہیں بند کمروں میں جس طرح ترلے کیے وہ بھی سب کے سامنے ہے۔ خان نے نیوٹرل لفظ کو گالی بنا دی۔شہدا کا خون ہمارے لیے ریڈ لائن ہے اسے کراس نہ کریں۔ حفاظت کے لیے خون دینے والے محسنوں کا مذاق اڑانے کی اجازت نہیں ہے لیکن فوج کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی اور وہاں بھی من پسند افراد کو الگ کرنے کی کوشش کی گئی۔ عمران خان نے خود کہا کہ باہر اس نے بھیجا ہے۔ :وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے،کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں خرم دستگیر نے ڈی جی آئی ایس پی آر اور ڈی جی آئی ایس آئی کی پریس کانفرنس پر کہا کہ فتنہ فساد کی صورت اختیار کرنے لگا تو مجبوراً ان کو بات کرنا پڑی۔ اعتراف کیا گیا کہ ہمیں اپنی آئینی حدود میں رہنا چاہئے، عمران خان کے سائفر کے بارے میں جھوٹ کا خاتمہ ہو گیا۔ ارشد شریف کو باہر بھیجنے میں سب سے بڑا کردار خیبر پی کے حکومت کے تھریٹ لیٹر کا ہے۔