وفاق ہائے صنعت و تجارت کا الیکشن شیڈول کا اعلان نہ ہونے پر اظہار تشویش
لاہور (کامرس رپورٹر ) وفاق ہائے صنعت و تجارت کے ممبران ایگزیکٹو کمیٹی نے فیڈریشن کی جانب سے الیکشن شیڈول کا اعلان نہ کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔ ایگزیکٹو کمیٹی ممبران میاں محمد ادریس۔ ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ، میاں محمد امجد اور سہیل ملک نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ٹریڈ آرگنائزیشن ایکٹ 2013 کے مطابق الیکشن کے شیڈول کا اعلان اکتوبر کے پہلے ہفتہ میں ہونا تھا لیکن وفاق ہائے صنعت و تجارت کی موجودہ قیادت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہی ہے۔ ایگزیکٹو کمیٹی ممبران نے مزید کہا کہ الیکشن شیڈول کا اعلان نہ ہونے سے تاجر برادری میں بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ الیکشن شیڈول کا اعلان کرکے غفلت کے مرتکب وفاق ہائے صنعت و تجارت کے ذمہ داران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔