• news

تخریبی، انتشار کی سیاست ملک و قوم کے مفاد میں نہیں: گورنر 


لاہور(نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب  بلیغ الرحمان نے گزشتہ روز گورنر ہائوس لاہور میں راجہ نتھانیل گل کی کتاب '' پاکستان کی تحریک میں کرسچن کمیونٹی کاکردارکی تقریب رونمائی میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب  بلیغ الرحمان نے کہا کہ میں راجہ نتھانیل گل کوایک دلچسپ اور منفرد کتاب لکھنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔  تحریک آزادی میں مسیحی برادری کا بہت اہم کردار ہے۔ پاکستان بننے کے بعد مسیحیوں نے نہ صرف ملکی ترقی میں بھر پور کردار ادا کیا ہے بلکہ تعلیم اور صحت کے شعبوں کے علاوہ جوڈیشری اور دفاع میں بھی مسیحی برادری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ تقریب میں سابق وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر خالد رانجھا، مفتی عاشق حسین ، سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔قبل ازیں، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے گورنر ہائوس لاہور میں انجمن تاجران  بادامی باغ لاہور نے صدر وقار احمد میاں کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفد نے گورنر پنجاب کو تاجروں کو  درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب  بلیغ الرحمان نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیئے بغیر ہم ترقی نہیں کرسکتے۔ کاروباری حضرات نہ صرف ٹیکسز دے کر ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ ہر مشکل وقت میں اپنے ہم وطنوں کی امداد میں بڑھ چڑھ کر حصہ بھی لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری بہت سے لوگوں کو روزگار دینے کا ذریعہ بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تخریبی اور انتشار کی سیاست کسی طرح بھی ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔  ہمیں اپنے تمام تر ذاتی مقادات کو پس پشت ڈال کر ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کردار اد اکرنا چاہئے اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کو ٹوٹی ہوئی سڑکوں سکیورٹی تجاوزات اور سیوریج سمیت دیگر مسائل  سے آگاہ کیا۔
 

گورنر پنجاب

ای پیپر-دی نیشن