شریف فیملی کے رشتہ دار کے گھر 50 لاکھ کا ڈاکہ، مزاحمت پر پھل فروش زخمی
لاہور (نامہ نگار) شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ مغلپورہ میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کر کے پھل فروش اکرم کو شدید زخمی کر دیا۔ فیصل ٹاؤن میں ندیم اکبر بٹ کے گھر سول کپڑوں میں ملبوس 6 ڈاکو حساس ادارے کے اہلکار ظاہر کر کے داخل ہوئے اور اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 50 لاکھ روپے، غیرملکی کرنسی، طلائی زیورات، قیمتی موبائل فون، پرنٹر لوٹ لیا جبکہ ڈاکوجاتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمرے اور ڈی وی آر بھی ساتھ لے گئے۔ ذرائع کے مطابق متاثرہ فیملی شریف خاندان کے قریبی عزیز ہیں۔ کاہنہ میں افضل نامی پولیس اہلکار کے گھر میں گھس کر 14 لاکھ 56 ہزار روپے اور طلائی زیورات، شیرا کوٹ میں عمران سے گن پوائنٹ پر 19 ہزار 5سو روپے اور موبائل فون، شاد باغ میں شہریار اور اس کی فیملی سے 40 ہزار روپے اور تین تولے سونا، ہربنس پورہ میں سلمان سے گن پوائنٹ پر3ہزار روپے اور موبائل فون، شاہدرہ میں ناکہ لگا کر دو بیوپاریوں سے 45 ہزار روپے اور موبائل فون، چوہنگ میں نوید سے 12ہزار روپے اور موبائل فون، نواں کوٹ میں مدثر سے 40 ہزار روپے اور موبائل فون، چوہنگ میں آصف سے 5ہزار روپے، شمالی چھاؤنی میں ڈاکو سہانہ نامی خاتون سے گن پوائنٹ پر کار چھین کر فرار ہو گئے۔ چوروں نے جوہر ٹاؤن میں عابدکے گھر میں گھس کر 16 لاکھ 23ہزار روپے، زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء چوری کر لیں۔ چوروں نے غالب مارکیٹ، گلبرگ، ہربنس پورہ اور ڈیفنس سے4 کاریں، سمن آباد کے علاقے سے رکشہ لٹن روڈ، شیراکوٹ، اقبال ٹاؤن، چوہنگ، مصطفی آباد، اچھرہ اور غالب مارکیٹ سے7موٹر سائیکلیں چوری کر لیں اور فرار ہو گئے ہیں۔
ڈاکے