وفاق کا سی سی پی او لاہور کو 3 روز میں رپورٹ کرنے کا حکم، کارروائی کا عندیہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی حکومت نے سی سی پی او لاہور غلام محمد ڈوگر کے تبادلے پر عمل درامد کیلئے نیا حکم نامہ جاری کر دیا۔ اسٹیبلشمنٹ کے مراسلے میں سی سی پی او لاہور کو تین دن کے اندر وفاق کو اپنی خدمات دینے اور رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اگر غلام محمد ڈوگر نے احکامات پر عمل نہ کیا تو اْن کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واضح رہے کہ چند روز قبل وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت سے سی سی پی او لاہور کی خدمات واپسی مانگی تھیں اور بیس ستمبر کو اْن کے تبادلے کا حکم نامہ جاری کر دیا تھا۔ غلام محمد ڈوگر کے تبادلے کے حوالے سے پنجاب حکومت اور وفاق میں ٹھن گئی، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے سی سی پی او لاہور سے ملاقات کی اور انہیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی۔ مجموعی طور پر یہ تیسرا لیٹر جاری کیا گیا ہے۔