• news

ملک مبشر آئی جی جیل خانہ جات تعینات چارج سنبھال لیا


لاہور (نامہ نگار+ خبر نگار) ملک مبشر احمد خان کو انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات تعینات کر دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے نئے آئی جی جیل خانہ جات کی تقرری کے لئے 7 ناموں پو مشتمل سمری ایوان وزیر اعلیٰ ارسال کی تھی۔ جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے مبشر احمد خان کے نام کی منظوری دی گئی۔ ملک مبشر احمد خان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ ملک مبشر احمد خان پہلی جماعت سے ایم اے تک سکالرشپ ہولڈر رہے۔ گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کا امتحان پاس کر کے پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے سوشل ورک میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ ملک مبشر احمد خان بطور سپرٹینڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل ملتان، فیصل آباد، سنٹرل جیل ساہیوال، ملتان اور سنٹرل جیل لاہور تعینات رہ چکے ہیں۔ ملک مبشر احمد خاں بطور ڈی آئی جی فیصل آباد ریجن، لاہور ریجن اور ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ملک مبشر احمد خاں بطور وزیٹنگ لیکچرار پنجاب جوڈیشل اکیڈمی بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے پہلی میٹنگ کی صدارت کے دوران ماتحت افسران و سٹاف کو اہم ہدایات جاری کیں انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں غفلت و لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں  کی جائے گی۔ آئی جی جیل کرپشن و بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت اقدامات کئے جائیں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن