• news

کراچی: شہریوں نے بچوں کے اغواء کا الزام لگا کر 2 ملازمین مار ڈالے


کراچی (نیٹ نیوز) کراچی کے علاقے مچھر کالونی میں ہجوم نے ٹیلی کام کمپنی کے دو ملازمین پر اغواء کا الزام عائد کر کے انہیں بے رحمی سے مار ڈالا۔ ٹیلی کام کمپنی کے دونوں ملازمین پر بچوں کو اغواء کا الزام لگا کر مارا گیا‘ ان پر لاتیں‘ گھونسیں‘ ڈنڈے اور پتھر مارے گئے۔ ایمن جاوید اور سعید اسحاق مچھر کالونی میں سگنل چیک کرنے پہنچے تھے۔ انہوں نے بچے سے پتا پوچھا‘ کسی نے بچوں کے اغواء کی افواہ اڑا دی۔ جس کے بعد ہجوم نے ان پر ہلا بول دیا۔ اس موقع پر کوئی انہیں بچانے کیلئے نہیں آیا‘ جب تک پولیس پہنچی تو دونوں جان سے جا چکے تھے۔ پولیس نے تین افراد کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین جانوری نے کہا کہ تشدد میں ملوث 3 افراد کو گرفتار کر لیا گیا‘ واقعے میں ملوث 9 افراد کی نشاندہی ہوئی ہے۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایس ایس پی کیماڑی کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ مقتولین کے اہلخانہ کی مدعیت میں درج ہو گا۔ مقدمے میں قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ بھی شامل کی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تشدد میں ملوث مرکزی ملزم کی شناخت عبدالغفور کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم عبدالغفور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم نے دونوں افراد کو منہ پر پتھر مار کر قتل کیا۔

ای پیپر-دی نیشن