گورنر نے پنجاب اسمبلی کی طرف سے بھیجے 4 بلوں کی توثیق کر دی
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے گورنر ہائوس لاہور میں پنجاب اسمبلی کی طرف سے بھیجے گئے چار بلوں کی توثیق کر دی۔ گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد یہ بلز فوری طور پر نافذالعمل ہوں گے۔ گورنر پنجاب نے جن بلوں کی توثیق کی ان میں دی فارسٹ (امینڈمنٹ) بل2022ئ، دی پنجاب آکوپیشنل سیفٹی ہیلتھ (امینڈمنٹ) بل2020ئ، پنجاب سیڈ کارپوریشن(امینڈمنٹ) بل 2022ء اور دی فیکٹریز (امینڈمنٹ) بل 2022ء شامل ہیں۔گورنر پنجاب نے پنجاب اسمبلی کی طرف سے ایک طے کردہ طریقہ کار (Adoption of proper route) نہ اختیار کرنے اور ان قوانین میں اصلاحی تجاویز کو حصہ نہ بنانے کے باوجود اسمبلی کا استحقاق تسلیم کرتے ہوئے عوامی مفاد میں بلوں کی توثیق کی۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے اس موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملک میں استحکام، آئین اور قانون کی پاسداری ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت گورنر میری ذمہ داری ہے کہ عوام کے مفاد میں بلوں کا جائزہ لوں اور اگر اصلاح کی ضرورت ہو تو تجاویز دوں۔