• news

گلگت بلتستان جلد ہمارا حصہ ہو گا بھارتی وزیر دفاع کی ہرزہ سرائی 


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اْمید ظاہر کی ہے کہ گلگت بلتستان جلد بھارت کا حصہ ہوگا تاکہ نریندر مودی کے اس خواب کی تکمیل ہوسکے جس کا آغاز اگست 2019 میں مقبوضہ کشمیر کے بھارت میں انضمام سے ہوا تھا۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ 27 اکتوبر کو کشمیر پہنچے جہاں انہوں نے 27 اکتوبر 1947ء کو جموں اور کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی یاد میں تقریب سے خطاب کیا۔یاد رہے کہ بھارت نے جموں و کشمیر کے اْس وقت کے حکمران مہاراجا ہری سنگھ کے ساتھ الحاق کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ وزیر دفاع کا دعویٰ 1994ء میں وزیر اعظم نارسیما راؤ کے دور حکومت میں بھارتی پارلیمنٹ کی جانب سے گلگت بلتستان کے حوالے سے منظور کی گئی قرارداد سے منسلک ہے۔ اس کے علاوہ راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019ء  کے بعد کشمیر اور لداخ میں کامیابی کے راستے کھلے ہیں، یہ ابھی شروعات ہے، ہمارا مقصد تب پورا ہوگا جب گلگت بلتستان اور  آزاد کشمیر کے علاقے (جو پاکستان کے قبضے میں ہیں)، بھارت کے ساتھ دوبارہ منسلک ہوجائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ وقت دور نہیں جب 1947ء کے مہاجرین کو انصاف ملے گا اور وہ لوگ اپنے گھروں کو واپس آئیں گے اور اپنی زمین حاصل کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن