لانگ مارچ کے باوجود لاہور میں زندگی معمول پر، ٹریفک بھی رواں دواں رہی متعدد پرائیویٹ سکول بند رہے
لاہور (نامہ نگار+سپیشل رپورٹر) حقیقی آزادی مارچ کے آغاز سے قبل عمران خان کے اپنی رہائش گاہ زمان پارک میں قیام کے دوران سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات تھے۔ مقامی مکینوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں سے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی لانگ مارچ کے آغازکے باوجود شہر بھر میں زندگی معمول کے مطابق رہی۔ مارچ کے روٹ کے علاوہ شہر کی تمام سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں رہی۔ شہر کی تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں، دکانیں، نجی و سرکاری دفاتر کھلے رہے۔پی ٹی آئی لانگ مارچ کے باعث گزشتہ روزصوبائی دارالحکومت کے سینکڑوں پرائیویٹ سکولوں وکالجوں میں طلباء کو چھٹی دی گئی جبکہ آج بھی بیشترتعلیمی ادارے بند رہیں گے سرکاری سکول اور کالجز معمول کے مطابق کھلے رہے لانگ مارچ کے باعث لبرٹی گلبرگ اور قریبی علاقوں میں پرائیویٹ سکولوں اور کالجوں میں چھٹی کی گئی ہے جبکہ سرکاری سکولوں میں حاضر کم رہی ۔