• news

سرگودھا یونیورسٹی میں  فوڈ پر   2 روزہ بین الاقوامی کانفرنس


سرگودھا(این این آئی)سرگودھا یونیورسٹی میں ’’فوڈ کیمسٹری اورقدرتی مصنوعات کی تحقیق میں حالیہ پیش رفت‘‘ پر بین الاقوامی 2 روزہ کانفرنس میں ترکی، یو نائیٹڈکنگڈم، سعودی عرب، ملائشیا، ساؤتھ کوریا، ایران اور بنگلہ دیش اور پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے مختلف ماہرین نے شرکت کی اس کانفرنس میں فوڈ کمپوزیشن، فنکشنل فوڈ، نیوٹرا دوا سازی، بائیو ایکٹو جزویات، قدرتی اینٹی آکسیڈینٹ، ہربل مصنوعات، خوراک اور ڈرگز کے تجزیہ، زرعی فضلہ کی اہمیت اور خوراک کے پائیدار نظام سمیت مختلف موضوعات کو زیرِ بحث لایاگیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصرعباس نے کہا کہ تحقیق کا اہم مقصدکسی موضوع یا مسئلہ کی گہرائی تک پہنچ کر اس کاحل ڈھونڈنے کے ساتھ اسے انسانی زندگی کیلئے مددگار ومعاون بنانا ہے۔ ڈاکٹر فاروق انور نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد واضح کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے نہ صرف بین الشعبہ جات تحقیق کے دروا ہوں گے بلکہ سرگودھا یونیورسٹی کے محققین اور دنیا بھر کے دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے محققین و ماہرین ِ تعلیم کوباہم مل بیٹھنے کے مواقع ملیں گے۔ڈاکٹر انجم مرتضیٰ نے کہا کہ اگرچہ خوراک اور ادویات کے حوالے سے تحقیق ہو رہی ہے تاہم بین الشعبہ تحقیقی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن