نوجوانوں کو ورغلانے والے عمرانی ٹولے کی اصلیت عوام کے سامنے آ چکی: خرم دستگیر
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ عمران نے فارن فنڈنگ سے ملک میں فتنہ اور فساد پھیلانے کی کوشش کی۔ تحریک انصاف کی قیادت نے سیاست میں بدتمیزی اور ناچ گانے کے کلچر کو فروغ دیا۔ پاکستان کے نوجوانوں کو ورغلانے والے عمرانی ٹولہ کی اصلیت عوام کے سامنے آچکی ہے۔ لاہور اور پنجاب کے غیور عوام نے عمران خان کے فساد خان کو مسترد کر دیا ہے۔2018ء میں عوام پر مسلط ہونے والے سلیکٹڈ ٹولہ نے ملکی ترقی اور خوشحالی کو تباہ و برباد کر دیا۔عمران خان کی نااہلی اور نالائقی کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑا۔ قائد عوام میاں نواز شریف کی ہدایات پر وزیراعظم میاں شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہے اور ملکی معیشت کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز شریف کی سالگرہ کے سلسلہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سابق وفاقی وزیر محمود بشیر ورک، ایم پی اے حاجی عبدالرؤف مغل اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ جبکہ وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان نے لیگی رہنما ؤں، سابق بلدیاتی نمائندوں اور لیگی کارکنوں کے ہمراہ مرکزی نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز شریف کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔
خرم دستگیر