اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران کی نااہلی کے خلاف درخواست پر سماعت کیلئے بنچ بنا دیا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نااہلی کے خلاف درخواست پر سماعت کے لیے بینچ تشکیل دے دیا ہے۔ جسٹس عامر فاروق پیر کو سماعت کریں گے۔ اس سے قبل عدالت نے الیکشن کمشن کے فیصلے کی مصدقہ نقل ساتھ نہ لگانے کا اعتراض دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی تھی، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے الیکشن کمشن سے نااہلی کے فیصلے کے خلاف بیرسٹر علی ظفر کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی جس میں سیکرٹری الیکشن کمشن، سپیکر قومی اسمبلی اور سیکرٹری قومی اسمبلی سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے الیکشن کمشن کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ الیکشن کمشن آف پاکستان نے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران کو کرپٹ پریکٹس کا مرتکب قرار دیتے ہوئے بطور رکن اسمبلی نااہل قرار دینے کا فیصلہ سنایا تھا۔