عمران نے فیصل واوڈا کو تحریک انصاف سے نکال دیا
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کر دی گئی۔ فیصل واوڈا کی پارٹی رکنیت کے خاتمے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ تحریک انصاف سندھ کے صدر علی حیدر زیدی کی جانب سے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر فیصل واوڈا کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا، شوکاز نوٹس میں فیصل واوڈا سے 2 روز میں جواب طلب کیا گیا تھا‘ وقتِ مقرر میں جواب جمع نہ کروانے پر ان کی جماعتی رکنیت ختم کر دی گئی ہے۔پارٹی سے نکالے جانے کے بعد انٹرویو میں فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ دو خاص آدمی جو غیر سیاسی ہیں اور تین سانپ جو پی ٹی آئی کا حصہ ہیں یہ لوگ عمران خان کو نقصان پہنچا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ سانپوں کے خلاف ان کے منہ پر بھی بولتا رہا ہوں جنہوں نے مال کمایا ان کے بارے میں بھی عمران خان کو بتاتے رہے ہیں عمران خان تو جنرل سرفراز کی بہت تعریف کیا کرتے تھے ان کی شہادت کے بعد کس نے بڑوں سے کہا کہ منفی مہم چلاؤ اس کا جواب بھی دونگا کچھ لوگ عمران خان کو نااہل کروانا چاہتے ہیں عمران خان کی نااہلی سے مجھے تو کوئی فائدہ نہیں ہوگا پیسے کا لالچ نہیں پی ڈی ایم میں بھی نہیں جاؤں گا نہ کسی نے آفر کی میں تو اسمبلی رکنیت سے بھی نااہل ہو چکا ہوں عمران خان میرے لیڈر تھے او رہیں گے۔ لانگ مارچ کا ہدف حکومت گرانا ہے۔ حکومت تو اسمبلی کے اندر سے بھی گر سکتی ہے۔