• news

قصور : 12 سالہ لڑکے کا گلا کاٹ دیا گیا ، زیادتی کے بعد قتل کیا ، ورثاء

قصور (نمائندہ نوائے وقت) نواحی گاؤں ڈھولن ہٹھاڑ میں نامعلوم ملزمان نے محنت کش کے 12 سالہ بیٹے کو مبینہ طور پر زیادتی کے بعد گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔ رہائشی محنت کش احمد علی کا بارہ سالہ بیٹا محمد آصف گزشتہ روز عصر کے بعد گھر سے جانوروں کا چارہ لینے کے لیے گیا اور اس کے بعد وہ لا پتہ ہو گیا۔ تلاش میں اس کے لواحقین نکل پڑے مگر 4/5 گھنٹے تک اس کا پتہ نہ چل سکا۔ بعدازاں فصل کماد میں پہنچے تو وہاں پر محمد آصف کی نعش خون میں لت پت پڑی ہوئی تھی جس کا گلا تیز دھار آلہ سے کٹا ہوا اور اس کے قریب اس کا کاٹا ہوا چارہ گھاس وغیرہ پڑا ہوا تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ احمد علی کی تین بیٹیوں کا محمد آصف اکلوتا لے پالک بھائی تھا ۔ پولیس نے قتل کی دفعہ لگا کر نامعلوم ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے تا ہم لواحقین نے الزام لگایا ہے کہ ہمارے بچے کو زیادتی کے بعد تشدد کرکے قتل کیا گیا ہے۔ مگر پولیس نے اس کا FIR میں ذکر نہیں کیا۔ مقتول کے لواحقین نے بچے کی نعش کو سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا جس پر پولیس نے معززین اہل علاقہ اور مقتول کے لواحقین کو یقین دہانی کروائی کہ پوسٹمارٹم رپورٹ کے بعد اگر زیادتی ثابت ہوئی تو اس کی دفعات مقدمہ میں شامل کر لی جائیں گی اور ملزموں کو  جلد از جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ جس پر مقتول کو سپردخاک کر دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن