• news

 وسیم اکرم نے کوکین کا نشہ کرنے کا اعتراف کرلیا 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور فاسٹ بائولر وسیم اکرم نے ماضی میں کوکین کے نشے کا عادی ہونیکا اعتراف کیا ہے۔ وسیم اکرم نے یہ اعتراف اپنی آنے والی کتاب 'سلطان اے میموئر' میں کیا ہے۔وسیم اکرم نے اعتراف کیا ہے کہ کیریئر ختم ہونے کے بعد انہوں نے کوکین کا نشہ کیا تھا، کوکین کے نشے کی عادت ریٹائرمنٹ کے بعد 2003 میں ہوئی۔وسیم اکرم نے انکشاف کیا انہیں پہلی بار انگلینڈ میں ایک پارٹی کے دوران کوکین کی آفر ہوئی۔میں نے پارٹیاں کرنا شروع کر دی تھیں، سب سے بدترین یہ تھا کہ کوکین کا نشہ میری عادت بن گئی تھی، وقت کیساتھ ساتھ میری کوکین کی عادت شدید ہوتی گئی، ایک وقت میں مجھے محسوس ہوتا تھا کہ مجھے کام کرنے کیلئے اس کی ضرورت ہے۔نشے کی وجہ سے میں تنہائی کا شکار ہو گیا تھا، نشے کی زیادتی کی وجہ سے میری حالت غیر ہوتی گئی، نہ نیند آتی تھی نہ کھانا کھاتا تھا، پہلی بیگم ہما کو میری جیب سے کوکین بھی ملی تھی جس پر ہما نے مجھے کہا تھا کہ تمہیں مدد کی ضرورت ہے، ہما نے نشے کی عادت چھڑوانے میں میری مدد کی، مجھے نشے سے چھٹکارا پانے کے لیے ری ہیب سینٹر میں داخل ہونا پڑا، اس دوران میں نے ایک بار اپنی بیوی کو طلاق دینے کے بارے میں بھی سوچا۔وسیم اکرم نے بتایا کہ انہوں نے اپنی پہلی بیوی ہما کی 2009 میں موت کے بعدکوکین کا نشہ چھوڑ دیا تھا، تب سے کوکین کے استعمال کو مڑکر بھی نہیں دیکھا۔خیال رہے کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز فاسٹ بائولر وسیم اکرم پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ اور ون ڈے میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بائولر، انہوں نے 18 سالہ کیریئرکے بعد 2003 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔وسیم اکرم نے پہلی بیوی ہما کی وفات کے بعد دوسری شادی کی، پہلی بیوی سے ان کے دو بیٹے جبکہ دوسری بیوی سے ایک بیٹی ہے۔وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی سال سے شوگرکا مریض ہوں، یہ سب سامنے لانا آسان نہ تھا، کتاب کی پبلشنگ کی وجہ سے تھوڑی پریشانی ہے مگر میں اپنے بچوں کو اپنی زندگی کی کہانی بتانا چاہتا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن