میچ دن ایک بجے شروع ہوگا‘قومی کرکٹرز کی پرتھ میں پریکٹس ‘فاسٹ باﺅلرز‘آصف علی ‘فخر زمان ‘بابر اعظم ‘محمد رضوان نے ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) آسٹریلیا میںجاری ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سپر12مرحلے کے سلسلہ میں آج تین میچ کھیلے جائیں گے ۔ پہلا میچ بنگلہ دیش اور زمبابوے کے درمیان صبح آٹھ بجے ‘دوسرا میچ پاکستان اور نیدر لینڈز کے درمیان دن ایک بجے جبکہ تیسرا میچ بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان شام چار بجے کھیلا جائیگا۔ نیدرلینڈز کےخلاف میچ سے قبل پاکستان ٹیم نے پرتھ میں پریکٹس سیشن کیا۔واکا کرکٹ گراو¿نڈ میں پاکستان ٹیم نے فیلڈنگ اور باﺅلنگ کی پریکٹس کی اور پریکٹس سیشن کے دوران کھلاڑیوں نے مثبت باڈی لینگوئج کا مظاہرہ کیا۔فاسٹ باﺅلرز نے باﺅلنگ کوچ شان ٹیٹ کی زیر نگرانی نئے گیند سے باﺅلنگ کی پریکٹس کی جبکہ آصف علی نے ماربل کی سلیب رکھ کر باو¿نس کھیلنے کی پریکٹس کی، ٹاپ آرڈر بیٹر فخر زمان کی بھی ٹریننگ سیشن میں بھرپور پریکٹس کی۔بابر اعظم نے بھی ماربل پر باو¿نس کی پریکٹس کی، محمدرضوان نے نیٹس پر بابر اعظم اور افتخار کو پریکٹس کرائی، محمد رضوان کپتان کو فٹ ورک پر بھی مشورہ دیتے رہے۔فاسٹ باﺅلر حارث رﺅف نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں پر تنقید تو ہوتی ہے، لوگوں کا کام ہے کہنا، وہ تو کہتے ہیں، اوروں کی باتیں سننے سے بہتر ہے اپنے کھیل پر فوکس کریں، ہم ٹورنامنٹ کھیلنے آئے ہیں، ہمارا فوکس ٹورنامنٹ پر ہے۔پرتھ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تنقید ہوتی ہے لیکن اس پر فوکس نہیں کر رہے، اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ رکھا ہے، چھکے پڑنا یا کیچز ڈراپ ہونا سب گیم کا حصہ ہے۔ٹیم میں کافی بحث ہوئی ہے کہ اگلے میچز میں کیسے کھیلنا ہے، ہر پلیئر اگلے میچز میں اپنا سو فیصد دینے کی کوشش کرے گا۔ دونوں میچز قریب آکر کھیلے، کرکٹ میں اپ ڈاﺅن ہوتے ہیں، جتنا عوام دکھی ہوتی ہے، ہم بھی شکست پر اتنا دکھی ہوتے ہیں، 2021 کا ورلڈ کپ تو ماضی کی بات ہوئی وہ گزر گیا، یہ نیا ورلڈ کپ ہے، جیسا چاہتے تھے ویسی شروعات نہیں ہوسکی۔ ٹیم آپس میں بیٹھ کر بات کر کے غلطیوں کو دور کرنے کی کوشش کررہی ہے، ابھی ٹورنامنٹ باقی ہے، کوشش کریں گے کہ اگلے میچز میں اچھا کھیلیں۔ دونوں میچز میں اچھا فنش نہیں کر پائے، ٹیم میں بات ہوئی ہے کہ فنشنگ کو بہتر کیسے بنایا جائے، ٹیم میں ایک دوسرے کو سپورٹ کرنا کافی ضروری ہے۔ انٹرنیشنل میچز کھیل رہے ہیں، کوئی ٹیم ہلکی نہیں ہوتی، ہر ٹیم یہاں جیتنے کیلئے آئی ہے، کسی ٹیم کو یہ نہیں کہا جاسکتا کہ آسان ہے، نیدرلینڈز کیخلاف بھی ہم اپنا سو فیصد دینے کی کوشش کریں گے۔ اگر ٹیم نہ جیتے تو پرفارمنس کا فائدہ نہیں ہوتا، ٹیم جیتے تو مزہ آتا ہے۔ آل راﺅنڈر محمد وسیم جونیئر نے کہا کہ ہم اپنی جانب سے پوری کوشش کرتے ہیں مگر قسمت ساتھ نہیں دے رہی۔ 2میچز ہار کر مایوسی ہے مگر اس کو بھول کر آگے کی طرف بڑھنا ہے، ہار جیت کرکٹ کا حصہ ہے، ٹیم مینجمنٹ پلیئرز کے حوصلے بلند کررہی ہے۔زمبابوے کے خلاف میرا پہلا ورلڈ کپ میچ تھا جس پر کافی پرجوش تھا، باﺅلنگ اچھی ہوئی تھی مگر مایوسی ہے کہ بیٹنگ میں فنش نہ کرسکا۔باﺅلنگ ٹھیک ہورہی ہے، بیٹنگ پر اور کام کرنے کی کوشش کررہا ہوں، شان ٹیٹ کےساتھ کام کر کے بہت فائدہ ہوا ہے۔ شان ٹیٹ کو اندازہ ہے کہ یہاں لائن اور لینتھ کیسی رکھنی ہے، شان ٹیٹ نے بتایا کہ لینتھ کو کہاں ہٹ اور بانسر کب کرنی ہے۔ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 میں گروپ 1 کے میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 65 رنزسے شکست دےدی۔نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور7وکٹوں پر 167رنزبنائے ۔ کیویز کی 15رنز پر تین وکٹیں گر گئیں تھیں تاہم بعد میں آنے والے بیٹرز نے ٹیم کو سنبھال لیا۔گلین فلپس نے 64گیندوں پر 104رنز بنائے ۔انہوںنے دد چوکے اور چار چھکے لگائے ۔ کاسن راجیتھا نے دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا ۔ 168 رنز کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم 19.2 اوورز میں 102 رنز بنا کر آو¿ٹ ہوگئی۔ داسن شناکا نے 35 اور راجا پکسا نے 34 رنز بنائے۔ٹرینٹ بولٹ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ گلین فلپس کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا