سلامتی کونسل فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی قبضہ ختم کرائے: منیر اکرم
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پاکستان نے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ امن عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کو ختم کرائے تاکہ خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے راہ ہموار ہو سکے۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں او آئی سی ممالک کی جانب سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی مندوب منیر اکرم نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین میں امن اور انصاف کے لئے عرصہ دراز سے روا رکھنے جانے والے اسرائیلی مظالم کے احتساب کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مشرقی یروشلم سمیت مقبوضہ فلسطین میں مسلسل بگڑتی صورتحال شدید تر ہوتی جا رہی ہے۔ ہم اقوام متحد ہ کی سلا متی کو نسل سمیت بین الاقوامی اداروں پر زور دیتے ہیں کہ ان حملو ں کو روکنے کیلئے فوری کارروائی کر نے کیلئے فلسطینی شہریوں کے قبضہ شدہ مشرقی یروشلیم اور باقی قبضہ شدہ فلسطینی علاقے میں تحفظ کو یقینی بنائیں۔ اسرائیل کے مسلسل اور وسیع پیمانے پر نو آبادیاتی تصفیہ کی تعمیر اور سہولیات اور فلسطینی شہریوں کے خلاف تشدد اور دہشتگردی ان کے شہروں پر حملہ کرنے کے اقدامات کا احتساب ہو نا چاہئے۔