• news

کراچی: شہریوں کے ہاتھوں ملازمین کے قتل پر احتجاج‘ 34 افراد گرفتار


کراچی (نیٹ نیوز) مچھر کالونی میں ہجوم کے ہاتھوں نجی کمپنی کے 2 ملازمین کی ہلاکت پر احتجاج‘ 34 افراد گرفتار۔ مچھر کالونی میں ہجوم کے ہاتھوں ٹیلی کام کمپنی کے 2 ملازمین کی ہلاکت کے خلاف کمپنی ملازمین نے مقتولین کے دوستوں اور عزیزواقارب کے ہمراہ کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ ملزمان نے اسحاق اور ایمن جاوید کو اینٹیں‘ ڈنڈے اور پتھر مار کر قتل کیا۔ پولیس آنے کے باوجود مقتولین کو ڈکیت اور اغوا کار بتایا گیا۔ شرکاء  کا کہنا تھا کہ پولیس نے لاشیں تحویل میں لیکر ہسپتال پہنچائیں۔ کچھ ہی دیر میں مقتولین کی شناخت کے بعد معلوم ہوا کہ مرنے والوں میں نجی کمپنی کا انجینئر اور ڈرائیور شامل ہیں۔ مقتولین مچھر کالونی میں کمپنی کا سگنل چیک کرنے گئے تھے۔ کراچی کے علاقے مچھر کالونی میں ایک روز قبل ٹیلی کام کمپنی کے دور ورکرز کو قتل کرنے کے الزام میں پولیس اب تک مشتبہ افراد کو گرفتار کر چکی ہے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل  (ڈی آئی جی) جنوبی عرفان علی بلوچ نے بتایا کہ کچھ شرپسندوں نے یہ افواہ پھیلائی تھی کہ دونوں افراد بچوں کو اغوا کرنے کے ارادے سے علاقے میں گھوم رہے ہیں جس کے بعد ایک مشتعل ہجوم نے دو افراد کو مار مار کر ہلاک کر دیا اور ان کی گاڑی کو بھی نذرآتش کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ کیماڑی پولیس نے مشتبہ افراد کی گرفتاری کیلئے مچھر کالونی میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ حراست میں لئے گئے افراد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ ڈی آئی جی نے بتایا کہ واقعے کے مقدمے میں 15 ملزمان اور 200 سے زائد نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ افواہوں کے بعد علاقے میں 500  سے 600 کے قریب لوگ جمع ہو گئے۔ انہوں نے دونوں کو پکڑ لیا اور پتھروں اور دیگر کند ہتھیاروں سے مارنا شروع کر دیا جبکہ ان کی گاڑی کو بھی آگ لگا دی۔

ای پیپر-دی نیشن