سانگھڑ، ٹنڈوآدم بائی پاس پر بند ٹوٹنے سے پانی شہر میں داخل
سانگھڑ+راجن پور (نوائے وقت رپورٹ) سانگھڑ میں ٹنڈو آدم بائی پاس پر سیلابی بند ٹوٹ گیا۔ پانی شہر کی طرف بڑھنے لگا، پانی جمن شاہ کے علاقے میں داخل ہو گیا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بند ٹوٹا نہیں بااثر افراد نے کٹ لگائے ہیں اور اپنے مقاصد پورے کئے ہیں۔سردی نے سیلاب متاثرین کی مشکلات بڑھا دیں۔ سردیاں آ گئیں لیکن امداد نہ آئی۔ سردی سے بچے بیمار ہونے لگے۔ متاثرین سیلاب کا کہنا ہے کہ سردی سے بیمار ہو رہے ہیں بخار ہو جاتا ہے‘ مکانات تباہ ہو گئے ہیں۔ راجن پور میں انتظامیہ کی خاموشی نے متاثرین کی مشکلات بڑھا دیں۔ نقصانات کا سروے مکمل ہونے کے باوجود امدادی کارروائیاں سست روی کا شکار ہیں۔ ہمارے مکانات تعمیر کئے جائیں اور گرم کپڑے‘ لحاف‘ کمبل فراہم کئے جائیں تاکہ سردی سے بچ سکیں۔