اداروں سے کوئی جھگڑا نہیں ،عمران خان سے بیٹھ کر بات کریں: شیخ رشید
راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان سے بیٹھ کر بات کریں اداروں سے کوئی جھگڑا نہیں ہے، ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے وفاقی وزیر داخلہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثنااللہ حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے ، میرے مرنے پر رانا ثنا اللہ کو شامل تفتیش کیا جائے اور ملوث ہونے پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے،انہوں نے کہا کہ چودھری پرویز الہی نوٹس لیں کہ ایف آئی اے پنجاب کے تھانوں میں کیا کررہی ہے،سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ نسلی اور اصلی مقابلے کے وقت کھڑا ہوتا ہے، جتنے مرضی کنٹینر لگا لو، اسلام آباد میں داخل ہوں گے، وطن کے لیے کفن پہننا پڑا تو پہنیں گے،چھوٹا آدمی بڑے گھر میں آگیا ہے، ایک بھی لاش گری تو ایک بھی نہیں بھاگ سکے گا،شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران سے بیٹھ کر بات کریں،آپ اقتدار کے بھوکوں کے آڑھتی ہیں،اداروں سے کوئی جھگڑا نہیں ہے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے ایف آئی اے کے چھاپوں اور لانگ مارچ کے دوران انہیں گرفتار کرنے کی کوششوں کے خلاف لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں رٹ دائر کردی سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ نے رٹ دائر کی رٹ کی سماعت 31 اکتوبر بروز پیر ہوگی رٹ میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی ہدایت پر ایف آئی اے عمران خان کی لانگ مارچ کو ناکام کرنے کے لئے شیخ رشید اور راشد شفیق کو غیر قانونی طور پر گرفتار کرنا چاہتی ہے اور اس سلسلے میں آج دو بڑی بسوں پر ایف آئی اے کے دوسو سے زائد اہلکاروں نے راولپنڈی میں غیر قانونی اور بلاجواز چھاپے مارے ہیں رٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومتی ہدایت پر ایف آئی اے کے چھاپے اور گرفتاری کی کوششیں آئین پاکستان میں درج بنیادی حقوق کے منافی ہیں.