حقیقی بااختیار الیکشن کرائیں‘ لاشیں گریں تو سب گھر جائیں گے: شیخ رشید
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت کا ریڈ زون کو توسیع دینے کا فیصلہ سیاسی تصادم کو دعوت دینا‘ سپریم کورٹ کے لانگ مارچ اجازت کی نفی ہے۔ اداروں نے بھی کہا ہے کہ پرامن مارچ کی کوئی پابندی نہیں۔ لال حویلی سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت الیکشن سے فرار چاہتی ہے۔ مذاکرات کا ڈھونگ رچا رہی ہے۔ جو حقیقی بااختیار ہیں وہ ملک کی بہتری کیلئے الیکشن کروائیں۔ عوام سے ٹکرائو معیشت کی تباہی اور ڈیفالٹ ہونا ہے۔ ایف آئی اے میری گرفتاری کیلئے پنجاب پولیس پر دبائو ڈال رہی ہے۔ 31 اکتوبر کو میری قبل از گرفتاری ضمانت کی لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہوگی۔ دریں اثنا نجی ٹی وی سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ معاملہ ٹھیک کرنے کی بجائے خراب کر رہے ہیں۔ یہ اپنی سیاسی قبر کھود رہے ہیں۔ الیکشن کی تاریخ پر بات کرنی چاہئے‘ اس میں سب کا فائدہ ہے۔ لاشیں گریں گی تو سب گھر جائیں گے‘ جھاڑو پھر جائے گی۔ شیخ رشید نے کہا کہ ہمیں اپنے احتجاج کو پرامن‘ قانونی و آئینی رکھنا ہے‘ دنیا کی کوئی طاقت ہمیں اسلام آباد میں داخلے سے نہیں روک سکتی۔ عوامی جذبات کی تضحیک کرنے والا ذلیل و خوار ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بدھ تک گرفتار نہیں ہوا تو ان کا استقبال کروں گا۔