• news

ساکا پنجہ صاحب کی صد سالہ تقریبات ختم‘ پاکستان کا شکریہ: سکھ یاتری

لاہور+فتح جنگ +حسن ابدال (خصوصی نامہ نگار+نامہ نگاران) سکھ مذہب کے تہوار ساکا پنجہ صاحب کی صد سالہ تقریبات اختتام پذیر‘ بھارت سمیت اندرون و بیرون ملک سے سینکڑوں سکھ یاتریوں اور مختلف سیاسی و سماجی‘ مذہبی رہنمائوں نے شرکت کی۔  مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری رانا شاہد سلیم نے کہا کہ وفاقی حکومت اور چیئرمین بورڈ کی ہدایات پر ملک بھر کے گوردواروں میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔  بھارتی جتھہ لیڈر سردار ہرمیت سنگھ نے کہا کہ ہمیں بہت عزت دی گئی اور حکومتی و بورڈ کے سکیورٹی سمیت تمام انتظامات پر شکرگزار ہیں۔ سابق پردھان SGPC سردار پرم جیت سنگھ سرنا نے کہا پاکستان جو ہم کو پیار و محبت دیتا ہے‘ وہ لفظوں میں بیان نہیں ہو سکتا۔ پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار امیر سنگھ نے کہا کہ حکومت پاکستان نے خیرسگالی جذبہ کے تحت خصوصی طورپر تقریب کی اجازت اور سپیشل ویزے جاری کرکے پوری سکھ قوم کے دل جیت لئے ہیں۔ ہم زندگی بھر احسان مند رہیں گے۔ سابق پردھان سردار بشن سنگھ‘ سردار اورتار  سینگڑہ‘ سردار ستونت سنگھ‘ ڈاکٹر ممپال سنگھ سمیت دیگر سکھ رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ یاتریوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور مہمانوں میں خصوصی تحائف تقسیم کئے گئے۔ سکھ یاتریوں کو سخت سکیورٹی میں ننکانہ صاحب روانہ کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن