پنجاب حکومت نے عمران نیازی کے ایما پر سابق ڈپٹی سپیکر کوگرفتار کیا ‘ حمزہ شہباز
لاہور( این این آئی)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے سابق ڈپٹی سپیکر سردار دوست مزاری کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے عمران نیازی کی ایما ء پر سابق ڈپٹی اسپیکر کوگرفتار کیا ۔اپنے بیان میں حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب حکومت انتقامی کارروائیوں میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہی ہے۔ عمران نیازی کی سیاست کا خلاصہ انتقامی کارروائیاں ، فتنہ اور انتشار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوست مزاری کو حق اور سچ کا ساتھ دینے کی پاداش میں نشانہ بنایا گیا ۔دوست مزاری کا اصل قصور پاکستان کے آئین کی سربلندی اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا تھا۔ دوست مزاری نے پاکستان کی سیاست میں ایک اہم موڑ پر تاریخ کی درست سمت پر کھڑے ہونے کو ترجیح دی۔ ا نہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمات قائم کرنا عمران نیازی اور اس کی جماعت کا خاصہ ہے،ن بے سروپا الزامات کی بنا ء پر عمران خان کو ہمیشہ عدالتوں میں سبکی اٹھانا پڑی۔