لانگ مارچ کی وجہ سے معاشی صورتحال متاثر ہو رہی،فیصل کریم کنڈی
اسلام آباد(خبرنگارخصوصی ) وزیراعظم کے معاون خصوصی اور ترجمان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ عمران خان کے لانگ مارچ کی وجہ سے ملکی معاشی صورتحال بری طرح متاثر ہو رہی ہے، آئندہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، عمران خان نے اپنے دور اقتدار میں قوم سے کہا کہ انڈے اور مرغیاں بیچو اور خود فرح گوگی کے ذریعہ پنجاب میں کرپشن کی، اقتدار کی ہوس میں پی ٹی آئی نے کچھ نہیں کیا، علی امین گنڈاپور پربہت سے مقدمات ہیں ان کا جواب کون دے گا، موجودہ حکومت نے عمران خان کو آئینی طریقہ سے وزارت عظمی کے منصب سے ہٹایا، عمران خان کوبات چیت کرنے کا شوق ہے تو ہم نے ان کیلئے کمیٹی بنا دی ہے لیکن الیکشن کے حوالہ سے کوئی بات نہیں ہو گی۔ اتوار کو یہاں پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کو سلو مارچ کہہ سکتے ہیں، وہ وقتاً فوقتاً مارچ سے غائب ہو کر لاہور چلے جاتے ہیں ، وہ چاہتے ہیں کہ ہمارے ساتھ کوئی بات چیت کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی صورتحال سب کے سامنے ہے، عمران خان کے لانگ مارچ سے معاشی صورتحال بری طرح متاثر ہو رہی ہے، اس کے اپنے وزیر فیصل واوڈا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس لانگ مارچ کے کیا مقاصد ہیں، ہم سیاسی لوگ ہیں اور پرامن جلسے اور جلوسوں پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے صحافی ارشد شریف کو لانگ مارچ سے نتھی کیا، میں خود ان کی والدہ سے ملا ہوں، پی ٹی آئی ان کی شہادت پر سیاست کر رہی ہے، ہم اس طرح کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔ انہوںنے کہا کہ کسی نے بلاول بھٹو زرداری کے حوالہ سے غلط خبر منسوب کی ہے کہ انہوں نے ارشد شریف کے حوالہ سے خط لکھا ہے، اس حوالہ سے بلاول بھٹو نے کوئی خط نہیں لکھا، اس طرح کی غلط خبر چلانا کسی کوزیب نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ اس وقت احتجاج یا لانگ مارچ کرتے ہیں جب چین کے ساتھ کوئی نہ کوئی دورہ ہوتاہے، وزیراعظم شہباز شریف ایک دو دن میں چین جا رہے ہیں وہاں پر وہ چینی حکام سے گفتگو بھی کریں گے، اس سے قبل پی ٹی آئی کے دھرنے کی وجہ سے چین کے صدر کوپاکستان کا دورہ ملتوی کرنا پڑاتھا جب بھی چین یا سی پیک کی بات آتی ہے تو پی ٹی آئی کو مارچ یادھرنا یاد آتاہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کوبھارت سراہتاہے، پی ٹی آئی ملک میں معاشی بحران پیداکرنا چاہتی ہے، عمران خان کو اگر الیکشن کرانے کا شوق ہے تو انہیں خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلیوں کو توڑنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ کے بہت سے تحائف ڈیکلیئر نہیں کئے، الیکشن کمیشن نے انہیں توشہ خانہ ریفرنس پر نااہل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ان کی دس سال حکومت رہی ہے تاہم وہاں پر امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہے۔
فیصل کریم کنڈی