• news

وزیراعظم شہبازشریف آج چین کے  پہلے دورے پرروانہ ہوںگے


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف یکم اور 2نومبر کو چین کا دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم کو اس دورے کی دعوت چینی وزیر اعظم نے دی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رواں سال اپریل میں وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا چین کا پہلا دورہ ہوگا۔ وزیراعظم کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان قیادت کی سطح کے دوروں کے تسلسل کا اظہار ہے۔ وزیر اعظم دورہ چین کے دوران صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے اور وزیر اعظم لی کی چیانگ کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے۔ فریقین باہمی سٹرٹیجک تعاون کی شراکت داری کا جائزہ لیں گے اور علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔ مختلف شعبوں میں مفاہمت کی متعدد یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔ جبکہ وسیع پیمانے پر دوطرفہ تعاون کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور سی پیک جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی کے 27 اکتوبر کو ہونے والے11ویں اجلاس کے تناظر میں سی پیک منصوبے پر تعاون کی رفتار کو مستحکم کئے جانے کی بھی توقع ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بیجنگ میںآج ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان حکومت کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایس سی او سربراہان حکومت کا اجلاس کووڈ-19 کی وباء کی پابندیوں کی وجہ سے ورچوئل فارمیٹ میں منعقد ہورہا ہے۔ اجلاس کی صدارت عوامی جمہوریہ چین کی ریاستی کونسل کے وزیر اعظم لی کی چیانگ کریں گے اور اس میں قازقستان، کرغزستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے سربراہان حکومت شریک ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن