• news

چینی کمپنی پنجاب میں 45ارب کی سرمایہ کاری کرے گی ، داتا گنج بخش مزار کو اپ گریڈ کریں گے : پرویزالہی 


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں حضرت علی ہجویری داتا گنج بخش کے مزار کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں طے پایا کہ مزار کے احاطے میں زائرین کیلئے خودکار چھتریاں نصب کی جائیں گی۔ مزار داتا گنج بخشؒ کمپلیکس کے اردگرد تجاوزات اور ناجائز قبضے ختم کرانے کیلئے کارروائی کا حکم‘ سڑک عبور کرنیوالے زائرین کیلئے انڈرگراؤنڈ یا اوورہیڈ برج بنانے کی تجاویز‘ وزیراعلیٰ چودھری پرو یزالہٰی نے مزار کمپلیکس کیلئے بوسیدہ واٹر سپلائی تبدیل کرنے کی ہدایت کی، عمودی پارکنگ پلازہ بنانے کی تجویز‘ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ مزار داتا گنج بخش کی توسیع سے زائرین کو سہولت ملے گی۔ انڈرگراؤنڈ پارکنگ کو محفوظ بنانے کیلئے ایکسپلوسو ڈی ٹیکٹو نصب کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی سے آج چین کی کمپنی سائنوویک گلوبل کے نائب صدر گاؤ کیانگ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، چینی کمپنی نے پنجاب میں 200ملین ڈالر (تقریباً 45 ارب روپے) کی سرمایہ کاری پر آمادگی کا اظہار کیا۔ چینی کمپنی پنجاب میں پلازما میڈیسن پروڈکٹس تیار کرنے کی فیکٹری لگائے گی، جس پر تقریباً 45ارب روپے لاگت آئے گی۔ چینی کمپنی 500ملین ڈالر کی ایکسپورٹ بھی کرے گی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے چینی وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سائنوویک کمپنی کو سی پیک انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں ترجیحی بنیادوں پر اراضی فراہم کی جائے گی۔ اس انڈسٹریل اسٹیٹ کا سنگ بنیاد میں نے ا پنے سابق دور میں رکھا۔ فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں تمام ضروری سہولتیں موجود ہیں۔ سائنوویک کمپنی کو پنجاب میں ہر طرح کی سہولتیں فراہم کریں گے۔ منصوبہ پاک چین دوستی کے لئے نئی مثال بنے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے چینل فائیو کی سینئر صحافی صدف نعیم مرحومہ کی بیٹی نمرہ نعیم، بیٹے اذان نعیم، چچانوید بھٹی اور قریبی سہیلی مروہ انصر سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے صدف نعیم مرحومہ کے اہل خانہ کے ساتھ افسوسناک واقعہ پر دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے مرحومہ کے بیٹے اور بیٹی کو دلاسہ دیا اور انکے ساتھ شفقت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے صدف نعیم مرحومہ کی بیٹی نمرہ نعیم کو 50لاکھ روپے مالی امداد کا چیک دیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے بیٹی نمرہ نعیم کو سرکاری ملازمت اور صدف نعیم مرحومہ کے شوہر کو سرکاری محکمے میں فوٹو گرافر کی ملازمت دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے دوران ڈیوٹی پولیس ڈرائیور کانسٹیبل لیاقت علی کے ہارٹ اٹیک سے جاں بحق ہونے کے واقعہ پرگہرے دکھ‘ لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ لواحقین کے لئے 20 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت جاں بحق کانسٹیبل لیاقت علی کی فیملی کی مکمل دیکھ بھال کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن