فتنے کیساتھ مذاکرات کریں نہ فیس سیونگ دیں ، نواز شریف کی شہباز کو ہدایت
اسلام آباد، لندن (خبر نگار+ عارف چودھری) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کو عمران خان سے کسی بھی قسم کے مذاکرات سے روک دیا اور کہا ہے کہ اس فتنے کا نہ کوئی مطالبہ مانا جائے اور نہ فیس سیونگ دی جائے۔ مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے کسی بھی قسم کے مذاکرات کرنے یا مطالبہ تسلیم کرنے سے منع کردیا ہے اور انہیں ہدایت دی ہے کہ ایسا کوئی کام نہ کیا جائے کہ جس سے عمران خان کو لانگ مارچ میں فیس سیونگ ملے۔ نواز شریف نے کہا ہے کہ لانگ مارچ میں 10 لاکھ افراد لانے کا دعویٰ کرنے والا ابھی تک دو ہزار بندے جمع نہیں کر سکا، عوام کی لاتعلقی کی وجہ وہ شرانگیز جھوٹ ہیں جن کا کچا چٹھا قوم کے سامنے آ چکا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ عمران خان نے ایک کے بعد ایک جھوٹ اتنی بے دردی اور ڈھٹائی سے بولا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کو مجبوراً اپنی خاموشی توڑ کر قوم کو سچ بتانا پڑا جس کا جواب یہ اتنے دن گزرنے کے بعد بھی نہیں دے سکا۔ اسی لیے اس کا سارا زور حسبِ عادت صرف گالی گلوچ تک محدود ہے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ میں نے شہباز شریف سے کہہ دیا ہے کہ2 ہزارکا جتھہ لے آئے یا 20 ہزار کا، نہ اس فتنے کا کوئی مطالبہ سننا ہے نا ہی اسے کوئی فیس سیونگ دینی ہے، جس کے لیے یہ بیتاب ہے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو اپنی تمام تر توجہ عوامی خدمت پر مرکوز رکھنی چاہیے۔