رائیونڈ اجتماع :نان سٹاپ بجلی فراہمی کے انتظامات مکمل:ایکسین لیسکو
رائے ونڈ (نمائندہ نوائے وقت ) رائے ونڈ میں 3نومبر کو منعقد ہونیوالے عالمی اجتماع کے موقع پر لیسکو حکام نے رائے ونڈ عالمی اجتماع کے ایام میں شرکائے اجتماع کو بجلی کی بلاتعطل سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے مختلف2 فیڈرز سے کنکشن فراہم کردئیے ہیں۔ اجتماع گاہ میں لیسکو حکام کی جانب سے کیمپ بھی قائم کردیا گیا ہے جہاں لیسکو افسران تین شفٹ میں ڈیوٹی سرانجام دینگے۔ شفٹ انچارج ایس ڈی او ہوگا۔ ماتحت عملہ دن رات ڈیوٹی پر موجود ہونگے۔ 2فیڈرز کے علاوہ ہیوی جنریٹر بھی منگوا لیا گیا ہے۔ لیسکو حکام کی جانب سے شرکائے اجتماع کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے مذکورہ فیڈرز کو لوڈ شیڈنگ فری قرار دے دیاگیا ہے۔ 3 نومبر سے 14نومبر تک مذکورہ فیدڑز پر لوڈ شیڈ نگ نہیں کی جائیگی۔ ایکسین لیسکو کے مطابق رائے ونڈ عالمی اجتماع کے ایام میں واپڈا ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ ہنگامی حالات سے نبٹنے کیلئے عملہ مستعد ہوگا۔کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ ایکسین لیسکو رائے ونڈ ڈویژن محمد علی رضانے مزید کہا کہ اسی طرح اجتماع کے دوسرے مرحلے میں بھی عملہ تعینات ہوگا اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی جاری رکھی جائیگی۔