لانگ مارچ کے غبارے سے ہوا نکل چکی : منیر قمر واہگہ
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)پیپلز پارٹی کے ڈویژنل نائب صدر چوہدری منیر قمر واہگہ ، ضلعی سینئر نائب صدر چوہدری خالق عزیز مت ورک اور سٹی صدر و ٹکٹ ہولڈر صوبائی اسمبلی سید ندیم عباس کاظمی نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے عمران خان کو اپنی سیاسی مقبولیت کا اندازہ ہوچکا ہے اداروں پر انکی تنقید بے معنی ہے ایک طرف اداروں پر الزامات لگا رہے ہیں تو دوسری طرف اداروں کے سربراہان سے بیک ڈور رابطے کر کے انکی منت سماجت کررہے ہیں، صحافیوں سے مشترکہ گفتگو کرتے ان رہنمائوں نے کہا کہ عمران خان لاہور سے اسلام آباد تک کے سفر کو لانگ مارچ کا نام دے رہے ہیں اگر انہیں اپنی عوامی مقبولیت کا اتنا ہی گھمنڈ ہے تو پیپلز پارٹی کی طرح کراچی سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کرکے دکھائیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کسی کی انا کی بھینٹ چڑھنے نہیں دیا جائے گا آئندہ عام انتخابات خواہشات پرنہیں آئین و قانون کے مطابق وقت مقررہ پر ہوں گے۔