• news

تقریبات ” کاروان اقبال“ کے افتتاحی سیمینار بعنوان ”فکر اقبال میں عشق رسول “


لاہور(سپیشل رپورٹر) شہر اقبال سیالکوٹ میں یونیورسٹی آف سیالکوٹ نے گزشتہ روز بزم اقبال محکمہ اطلاعات کے اشتراک سے اقبال چیئر، رومی اینڈاقبال سٹڈی سنٹر اور تمام اکیڈیمک و انتظامی شعبہ جات کے تعاون سے سال اقبال کی تقریبات ” کاروان اقبال“ کے افتتاحی سیمینار بعنوان ”فکر اقبال میں عشق رسول “ کا انعقاد کیا جس میں جگر گوشہ فرزند اقبال منیب اقبال اور بریگیڈئیر(ر) پروفیسر ڈاکٹر وحید الزمان طارق بطور مہمان خصوصی تھے۔ بورڈ آف ڈائیریکٹرز کے چیئرمین فیصل منظور ، ایگزیکٹیوڈائیریکٹر ریحان یونس اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سعید الحسن چشتی کی سرپرستی میں ڈاکٹر اسلم ڈار ، تمام ڈینز، ڈائیریکٹرز، اساتذہ کرام اور طلبا و طالبات نے بھر پور جوش و خروش سے حصہ لیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا پھر نعت ، قومی ترانہ اور کلام اقبال پیش کیا گیا۔افتتاحی کلمات رجسٹرار محمد یعقوب نے پیش کیے۔ دونوں مہمانان خصوصی نے بھر پور انداز میں ” فکر اقبال میں عشق رسول “ پر خیالات کا اظہار کیا جسے طلبا اور تمام حاضرین نے بہت پسند کیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر سعید الحسن چشتی نے مہمانان خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور یونیورسٹی آف سیالکوٹ میں اقبال چیئر کے تحت فروغ اقبالیات کے سلسلے میں کئی نئے پراجیکٹس پر کام کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ تقریب کے آخر میں وائس چانسلر نے منیب اقبال کو ”اعزازی مسند صدارت اقبال چیئر“ کی سند عطا کی اور مہمانان خصوصی میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔نظامت کے فرائض ڈاکٹر یاسمین کوثر اور لاءڈیپارٹمنٹ سے گوہر نے ادا کیے۔ 

ای پیپر-دی نیشن